راولپنڈی (آن لائن) کوئٹہ میں دہشت گردوں کی جانب سے بچھائی بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایف سی بلوچستان کے 4 اہلکار شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق دہشت گردوں نے مارگٹ مائنزکی حفاظت پرمامورایف سی اہلکاروں کو نشانہ بنایا ہے دہشت گردوں نے ایف سی پر حملے کے لیے
دیسی ساختہ بارودی سرنگ استعمال کی ہے۔ جس کے نتیجے میں 4 اہلکار شہید ہوگئے۔شہید ہونے والوں میں ایک جے سی او بھی شامل ہے جب کہ شہداء میں صوبیدار سردار علی خان،سپاہی مصدف حسین، اویس خان اور محمد انور شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی اہلکاروں کی گاڑی مرگت کوئٹہ روڈ پر آئی ای ڈی کانشانہ بنی جس کے بعد ایف سی نے علاقے کا محاصرہ کر کے آپریشن شروع کر دیا ہے۔ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں قربانیوں سے حاصل امن کوخراب نہیں ہونے دیں گے ایسے بزدلانہ اقدامات سے دشمنوں کی سازش کامیاب نہیں ہوسکتی، سیکیورٹی فورسزہرطرح کی سازش کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے ہیڈ کانسٹیبل قیصر شکیل کو دورانِ ڈیوٹی زخمی ہونے کے باوجود اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرنے پر انہیں وزیرِ اعظم ہاؤس بلا کر حوصلہ افزائی کی اور شاباش دی۔ قیصر شکیل 9 جون کو زخمی ہوئے اور دو دن کے میڈیکل ریسٹ کے بعد 11 جون کو دوبارہ ڈیوٹی پر واپس آگئے تھے۔ ان کا بازو فریکچر ہو گیا تھا، فرض شناسی کی اس عمدہ مثال پر وزیرِ اعظم نے مذکورہ اہلکار کو انعام دینے کا بھی اعلان کیا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ قیصر شکیل کی فرض شناسی دیگر سرکاری اہلکاروں کے لئے بھی قابل تقلید مثال ہے۔