کراچی (این این آئی) وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کو تنخواہ اور پروموشن ویکسین کے بعد ملے گی۔جو شہری ویکسین نہیں لگوائے گا اس کی موبائل سم بندکردی جائیگی ۔وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا سے بچنے کے لیے ویکسین اہم ترین ہتھیار ہے، سندھ حکومت کی کوشش ہے
ویکسین ہر شہری کو لگے۔انہوں نے کہا کہ وفاق، صوبائی حکومت ویکسین کے لیے سہولت فراہم کررہی ہے، سندھ حکومت نے تمام ملازمین کو ویکسین لگوانے کا پابند کردیا ہے۔ناصر شاہ نے بتایا کہ ویکسین لگوانے کے حوالے سے آگاہی مہم کے پروگرام بنا رہے ہیں، سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف قانون سازی کررہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ ویکسین لگائے بغیر سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے اکا دکا واقعات رپورٹ ہوئے ہیں تاہم ایسی حرکتوں کی روک تھام کے حوالے سے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔فائزرویکسین کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ ویکسین بیرون ملک پڑھنے اور روزگار کے حصول کے لیے جانے والوں کو لگائی جائے گی۔قبل ازیں سندھ کے وزیر اطلاعات وبلدیات سید ناصرحسین شاہ نے خورشید شاہ کے بیٹے کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گورنر راج کی بات کرنا فواد چوہدری کی ذہنی پسماندگی کی عکاسی ہے۔پیرکووزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے جاری بیان میں کہاکہ سید خورشید شاہ کے بیٹے سید فصیح شاہ کی گرفتاری اور خورشید شاہ کی فیملی کے ساتھ جتنی زیادتی ہوئی ہے وہ قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری کس منہ سے سندھ میں بلدیاتی اداروں کو فعال کرنے کی بات کر رہے ہیں۔ سندھ میں بلدیاتی اداروں نے اپنی مدت مکمل کی ہے اور نئے انتخابات کیلئے کام شروع ہوچکا ہے۔انہوں نے کہاکہ کیا عمران حکومت نے پنجاب، کے پی کے اور بلوچستان میں بلدیاتی اداروں کو کام کرنے دیا؟ پی ٹی آئی حکومت نے بلدیاتی اداروں کو وقت سے پہلے تحلیل کر دیا۔ناصر شاہ نے کہا کہ پنجاب میں عدالت کے حکم پر بلدیاتی ادارے بحال کئے گئے۔ اس کے باوجود پی ٹی آئی حکومت پنجاب میں بلدیاتی اداروں کو کام کرنے نہیں دے رہی۔وزیر اطلاعات سندھ نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت کو آئین، قانون اور جمہوری روایات کا کچھ پتا نہیں۔ پی ٹی آئی کے وزرا جو منہ میں آتا ہے وہ بول دیتے ہیں۔