اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) گرمی کے شدت اختیار کرتے ہی ملک بھر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ6سے 12گھنٹوں تک پہنچ گیا۔ شدید گرمی کے دوران بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے ، نجی ٹی وی نیو کے مطابق دیہی
علاقوں میں 12 گھنٹے سے بھی زائد کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے ، شہری علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دورایہ 6 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے ۔ ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق اس وقت ملک میں بجلی کی پیداوار 22 ہزار 250 میگاواٹ جبکہ طلب 23 ہزار 174 میگاواٹ ہے ۔ اس وقت ملک میں بجلی کا عارضی شارٹ فال 924 میگاواٹ ہے ۔ترجمان پاور ڈویژن کی جانب سے کہا گیا کہ تربیلا میں کم پانی کے اخراج سے ہائیڈل پاور جنریشن تین ہزار میگاواٹ کم ہو گئی ہے ، عارضی لوڈ مینجمنٹ پر صارفین سے معذرت خواہ ہیں ۔دوسری جانب ملک بھر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری ہے جس پر نیپرا نے نوٹس لے لیا ہے۔اس ضمن میں نیپرا کی جانب سے لوڈشیڈنگ کی وجوہات جاننے کے لئے نیپرا نے ڈسکوز کے تما م چیف ایگزیکٹو زکو طلب کرلیا گیا ہے۔اس حوالے سے نیپرا کا کہنا ہے کہ چیف ایگزیکٹو ز جمعہ کو پیش ہو کر لوڈشیڈنگ کی وجوہات اور عوام کو ریلیف دینے کے لئے اقدامات سے آگاہ کریں۔نیپرا نے ہدایت جاری کی ہے کہ کے الیکٹرک سمیت تمام تقسیم کار کمپنیاں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائیں۔