پیرس (آن لائن/این این آئی )فرانسیسی پولیس نے صدر ایماونئل میکرون کو تھپڑ رسید کرنے والے شخص سے متعلق تفصیلات جاری کی ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ فرانسیسی صدر کو تھپڑ مارنے والا شخص ڈیمین تاریل انارکی پسند اور پرانے خیالات کا مالک ہے۔ رپورٹ کے مطابق ملزم کی تلاشی کے دوران پولیس کو 28 سالہ شخص کے گھر س
ے نازی رہنما ہٹلر کے منشور پر مشتمل سوانح عمری، اسلحہ، فوجی گیمز اور سویت فلیگ ملا ہے۔ ملزم کے گھر سے قرون وسطیٰ کے لباس بھی برآمد ہوئے، اور وہ نائٹ کا کردار بھی ادا کرتا رہا ہے۔ڈیمین ترل نے دائیں بازو کے یوٹیوب گروپس کو بھی سبسکرائب کیا ہوا ہے۔گزشتہ روز ڈیمین نے فرانسیسی صدر میکرون کو تھپڑ رسید کرنے سے پہلے ‘مردہ باد میکرون‘ کا نعرہ بھی لگایا تھا۔۔واضح رہے کہ گزشتہ روز فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کو ہجوم میں ایک شخص نے تھپڑ مار دیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون کو فرانس کے جنوبی حصے میں دورے کے دوران ہجوم میں شامل ایک شخص نے تھپڑ مار دیا،ویڈیو میں ایک شخص کو عوامی دورے کے دوران ایمانوئیل میکرون کو تھپڑ مارتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق فرانسیسی صدر کی سیکیورٹی نے فوری طور پر مداخلت کی اور مذکورہ شخص کو ایمانوئیل میکرون سے دور لے گئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق واقعے میں ملوث 2 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ۔یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایمانوئیل میکرون جنوب-مشرقی فرانس میں ڈروم کے علاقے کے دورے پر تھے، جہاں انہوں نے ریسٹورنٹ مالکان اور طلبہ سے بات چیت کی تھی ۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں سفید شرٹ میں ملبوس ایمانوئیل میکرون کو دھاتی رکاوٹوں کے پیچھے کھڑے ہجوم کی جانب پیدل جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فرانسیسی صدر نے ایک شخص سے مصافحے کے لیے ہاتھ بڑھایا جس نے سبز رنگ کی شرٹ پہنی ہوئی تھی اور ساتھ میں گلاسز اور فیس ماسک پہنا ہوا تھا۔مذکورہ شخص کو ویڈیو میں ’’میکرون کے اقدامات نامنظور‘‘ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے جس کے بعد اس شخص نے فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کے چہرے پر تھپڑ مار دیا۔جس پر ایمانوئیل میکرون کے 2 سیکیورٹی اہلکاروں نے سبز شرٹ میں ملبوس شخص کو گھیرلیا جبکہ دیگر ایمانوئیل میکرون کے ساتھ گئے۔فرانس کی صدارتی انتظامیہ نے کہا کہ ایمانوئیل میکرون پر حملہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے لیکن انہوں نے اس معاملے پر مزید تبصرہ کرنے سے انکار کردیا جبکہ جس شخص نے ایمانوئیل میکرون کو تھپڑ مارا اس کی شناخت معلوم نہیں ہوسکی ۔