اسلام آباد (این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ توانائی کے شعبے کی شرح نمو میں 22 فیصد سے زائد کمی کے اعتراف کے باوجود صنعتی ترقی کے دعوے مضحکہ خیز ہیں۔ اپنے بیان میں بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ تنخواہوں کی ادائیگی تک کے لئے قرضے لینے والی پی ٹی آئی حکومت
معاشی محاذ پر بری طرح ناکام ہوچکی ہے، توانائی کے شعبے کی شرح نمو میں 22 فیصد سے زائد کمی کے اعتراف کے باوجود صنعتی ترقی کے دعوے مضحکہ خیز ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کی وفاقی حکومت کے پانچ سالہ دور میں عام آدمی کی آمدنی میں 59 فیصد اضافہ ہوا، پاکستان پیپلزپارٹی کی وفاق میں حکومتی دور کی تکمیل کے بعد سے عام آدمی کی آمدنی مسلسل کم اور مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت کا فی کس آمدنی زیادہ دکھانے کیلئے پرانی مردم شماری کے اعدادوشمار استعمال کرنے کے جھوٹ کا پول کھل چکا ہے، پی پی پی کی صوبائی حکومت کے اقدامات کی وجہ سے سندھ میں سب سے زیادہ فی کس آمدنی میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت، افغانستان اور بنگلہ دیش سمیت پورے جنوبی ایشیا میں 10.9 فیصد کی شرح کے ساتھ پاکستان میں سب سے زیادہ مہنگائی ہے،پی ٹی آئی حکومت نے گندم کی ریکارڈ پیداوار کا دعوی کیا اور صرف اس ایک سال میں آٹا 28 فیصد مہنگا ہوگیا۔ انہوں نے سوال اٹھایاکہ عوام گنے کی ریکارڈ پیداوار کے وفاقی حکومت کے دعووں پر کیسے مطمئن ہوں کہ صرف اس ایک سال میں چینی 21 فیصد مہنگی ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں ایک سال کے دوران 60 فیصد تک کے اضافے کا فائدہ پی ٹی آئی کی اشرافیہ نے اٹھایا۔