کراچی (این این آئی)سندھ حکومت نے شادی ہال مالکان کا بڑی خوشخبری سنادی ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کیٹرز ڈیکوریٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے وزیربلدیات سندھ ناصر شاہ سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ شادی ہالز بند ش سے کئی افراد بے روزگارہوگئے، جس کے باعث ہزاروں افراد کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں۔
اس موقع پر ناصر حسین شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شادی ہالز کی بندش کا سخت فیصلہ مجبوری میں کیاتھے، حکومت سندھ کو آپ کی تکالیف کا احساس ہے۔ملاقات میں چیئرمین بینکوئٹ ہال ایسوسی ایشن نے صوبائی وزیر سے مطالبہ کیا کہ شادی ہالزکو ایس او پیز کیساتھ کھولنے کی اجازت دی جائے، جس پر ناصر حسین شاہ نے چھ جون سے شادی ہال کھولنے کی یقین دہانی کرائی۔دوسری جانب وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا ویکسین نہ لگوانے والے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بند کرنے کی ہدایت کردی۔وزیر اعلی سندھ کی صدارت میں کورونا وائرس کی صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں صوبائی وزرا ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، سعید غنی، ناصر شاہ، جام اکرام، مرتضی وہاب، قاسم سراج سومرو، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی کراچی، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن، سیکریٹری صحت، سیکریٹری صنعت، ڈاکٹر عبدالباری، ڈاکٹر سارا خان، ڈاکٹر قیصر سجاد، کورفائیو اور رینجرز کے نمائندوں نے شرکت کی۔سیکریٹری صحت ڈاکٹر کاظم جتوئی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بیرون ملک سے آنے والے 26 ہزار 812 مسافروں کے ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے 55 مثبت آئے۔انہوں نے بتایا کہ
29 مئی کو 4 مسافروں میں وائرس کی بھارتی قسم کی تشخیص ہوئی جنہیں آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے، یہ مریض جن 14 لوگوں سے رابطے میں آئے ان کے بھی ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ یکم جون کو 12.45 فیصد اور 2 جون کو کراچی میں 11.77 فیصد مثبت کیسز تھے، گزشتہ 30 روز میں سندھ میں 392 اموات ہوئیں،
ان میں سے 73 کا ان کے گھروں میں انتقال ہوا۔وزیر اعلی سندھ کو بتایا گیا کہ 2 جون کو 57 ہزار 541 ویکسین لگائی گئیں، اب تک سندھ میں کورونا ویکسین کی 15 لاکھ 50 ہزار سے زائد خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔اس موقع پر مراد علی شاہ نے محکمہ خزانہ کو ہدایت کی کہ جو سرکاری ملازم ویکسین نہیں لگوائے گا اس کی
جولائی سے تنخواہ بند کی جائے۔انہوں نے صوبے بھر کے 300 بی ایچ یو میں ویکسی نیشن سینٹر قائم کرنے کی ہدایت بھی دی۔ان بی ایچ یوز میں یومیہ 30 ہزار خوراکیں لگانے کا ہدف دیا گیا ہے جبکہ موبائل ویکسی نیشن ٹیم کو روزانہ 60 ہزار اور نجی اسپتالوں کو روزانہ 10 ہزار خوراکیں لگانے کا ہدف دیا گیا ہے۔