لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک،آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ہر غریب میرا دامن پکڑ کر سوال کرتا ہے کہ مہنگائی کب کم ہوگی۔سیالکوٹ سے جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ایک طرف اشرافیہ اور
دوسری طرف ہمارا پسا ہوا طبقہ ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پسے ہوئے طبقے کی جیب اجازت نہیں دیتی کہ وہ اپنی بیٹی کو پڑھائے۔ فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کی بیٹھک پہلے ہی بیٹھ چکی ہے ، آج بھی کچھ نہیں نکلے گا، پی ڈی ایم کی بیٹھک سے صرف مردہ چوہا ہی نکلے گا۔ انہوں نے کہا کہ جعلی خادم اعلیٰ گھسے پٹے بیانیے کا چورن بیچنا چاہتے ہیں جبکہ جعلی راجکماری اپنی علیحدہ ڈگڈگی بجا رہی ہیں۔ اپوزیشن کے پاس کوئی ایشو نہیں، اپوزیشن نے پہلے بھی نان ایشوز پر سیاست چمکا کر جگ ہنسائی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے ٹولے کی گھٹیا سیاست کی لٹیا ڈوب چکی ہے، کاغذی شیر گیدڑوں سے بھی بزدل نکلے ہیں۔ عوام لٹیروں اور چوروں کی باتوں میں نہیں آئیں گے، رسوائی اور شرمندگی اپوزیشن عناصر کا مقدر ہے اور رہے گی۔ہوس اقتدار میں اندھی پی ڈی ایم کی اپنی صفوں میں انتشار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا یاد رکھیں جعلی راجکماری اور جعلی شہزادے کے بعد جعلی خادم اعلیٰ ہاتھ کریں گے۔