پشاور،قصور( آن لائن ) خیبر پختونخوا کے وزیر ٹرانسپورٹ شاہ محمد وزیر کے گھر پر نامعلوم افراد کے دستی بم حملے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم افراد خیبر پختونخوا کے وزیر ٹرانسپورٹ شاہ محمد وزیر
کے گھر پر دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے، بم دھماکے سے گھر کا چوکیدار زخمی ہوگیا ، جسے قریبی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔صوبائی وزیرشوکت یوسف زئی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے کے وقت شاہ محد وزیر گھر پر موجود نہیں تھے ، واقعے کی ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے، شواہد کی روشنی میں ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی بھی شرو ع کر دی ہے ، دوسری جانب قصور میں فائرنگ سے وکیل سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ راجہ جنگ کے علاقے حویلی مہتاب خان کے ایک ڈیرے میں پیش آیا۔ فائرنگ سے وکیل اظہر ثانی اور خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوا۔وکیل اظہر ثانی اپنے ڈیرے میں موکل اور چند رشتہ داروں کے ہمراہ بیٹھے تھے کہ دو نامعلوم افراد ڈیرے میں داخل ہوئے اور فائرنگ کر دی۔ واقعے کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔فائرنگ کے واقعے کے خلاف ڈسٹرکٹ بار قصور میں بار ایسوسی ایشن کی جانب سے مکمل ہڑتال رہی ۔