پشاور (این این آئی+ آن لائن)پشتو زبان کے معروف شاعر سلیم راز انتقال کرگئے ہیں، اہل خانہ نے نامور شاعر کی موت کی تصدیق کردی ہے۔پشتو زبان کے معروف شاعر کو 2009ء میں صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا تھا۔مرحوم سلیم راز پشتو عالمی کانفرنس کے بانی چیئرمین بھی رہ چکے ہیں۔عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر ایمل ولی خان اور جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے نامور شاعر، ادیب اور صحافی سلیم راز کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ تعزیتی بیان میں صوبائی صدر
اور جنرل سیکرٹری نے کہا ہے کہ سلیم راز کی رحلت مترقی ادب اور صحافت کے لئے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ ادب اور صحافتی میدان میں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وہ جسمانی طور پر اس فانی دنیا سے رخصت ہوگئے ہیں لیکن اپنے کام سے رہتی دنیا تک ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی دکھ کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندان اور لواحقین کے ساتھ برابر کی شریک ہے۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ ان کو جنت میں اعلی مقام اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے۔