راولپنڈی(آن لائن) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی برّی افواج کے سربراہ جنرل فہد بن عبداللہ کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، مسلح افواج کے چاق وچوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ پیر کے روز آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سعودی برّی افواج کے سربراہ جنرل فہد بن عبداللہ نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ہے، ملاقات میں
باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، سعودی بری افواج کے کمانڈر کو جی ایچ کیو پہنچنے پر مسلح افواج کے چاق وچوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، آرمی چیف نے سعودی افواج کی تربیت اور استعداد کار بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ سعودی بری فوج کے سربراہ نے بھی علاقائی سلامتی کیلئے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا، سعودی فوج کے کمانڈر نے جی ایچ کیو میں یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔