کراچی (این این آئی)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا تسلسل جاری کاروباری ہفتے کے چوتھے روزجمعرات کوبھی اتارچڑھاؤ کے بعدزبردست مندی رہی اور کے ایس ای100انڈیکس34000،33900اور33800کی نفسیاتی حدوں سے بھی گرگیا،مندی کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کے58ارب56کروڑ روپے سے زائدڈوب گئے،کاروباری حجم گذشتہ روزکی نسبت15.44فیصدکم جبکہ53.68فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈکی گئی۔حکومتی مالیاتی اداروں،
مقامی بروکریج ہاؤسزسمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے توانائی،بینکنگ اور دیگرمنافع بخش سیکٹرکی نچلی سطح پر آئی ہوئی قیمتوں پرخریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہواٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای100انڈیکس34261پوائنٹس کی سطح پر بھی دیکھا گیاتاہم سیاسی افق پر چھائی بے یقینی کی صورتحال،ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس وصولی کیلئے انقلابی اقدامات سے جڑی خبروں اورڈالرکے مقابلے میں پاکستانی روپے کی بے قدری کے باعث مقامی سرمایہ کارگروپ تذبذب کاشکار نظرآئے اور اپنے حصص فروخت کرنے کو ترجیح دی،جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اور کے ایس ای100انڈیکس دوران ٹریڈنگ33521پوائنٹس کی نچلی سطح پربھی دیکھا گیا تاہم غیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے سرمایہ کاری کے نتیجے میں مارکیٹ میں ریکوری آئی ا، جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس کی33700کی حد بحال ہوگئی تاہم اتارچڑھاؤ کا سلسلہ سارادن جاری رہا۔جمعرات کو مجموعی طور پر326کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے132کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ،175کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ19کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔سرمایہ کاری مالیت میں 58ارب56کروڑ85لاکھ45ہزار977روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی،
جس کے نتیجے میں سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر68کھرب57ارب11کروڑ76لاکھ53ہزار283روپے ہوگئی۔جمعرات کومجموعی طور پر13کروڑ50لاکھ21ہزار810شیئرزکاکاروبارہوا،جوبدھ کی نسبت2کروڑ46لاکھ58ہزار260شیئرزکم ہیں۔قیمتوں کے اتارچڑھاؤ کے حساب سے سائفرفائبرکے حصص سرفہرست رہے،جس کے حصص کی قیمت37.00روپے اضافے سے782.00 روپے اور
انڈس موٹرزکے حصص کی قیمت34.38روپے اضافے سے1177.38روپے پر بند ہوئی۔نمایاں کمی فلپس موریس کے حصص میں ریکارڈکی گئی،جس کے حصص کی قیمت198.33روپے کمی سے3768.33روپے اورنیسلے پاکستان کے حصص کی قیمت132.13روپے کمی سے6666.87روپے ہوگئی۔جمعرات کوکے الیکٹرک لمیٹڈکی سرگرمیاں 2کروڑ49لاکھ90ہزار500شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں،جس کے شیئرزکی قیمت4پیسے اضافے سے4.19روپے اورپاک الیکٹرون کی سرگرمیاں 75لاکھ28ہزارشیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی،جس کے شیئرزکی قیمت47پیسے کمی سے19.53روپے ہوگئی۔جمعرات کوکے ایس ای30انڈیکس205.49پوائنٹس کمی سے15879.88پوائنٹس،کے ایم آئی30انڈیکس597.54پوائنٹس کمی سے53907.03پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس212.48پوائنٹس کمی سے24876.55پوائنٹس پربندہوا۔