لاہور(این این آئی)پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کاعقل والا خانہ خالی ہے، ہم سب جیل میں ہیں اب تو عمران خان کچھ کرکے دکھائیں،ڈالر کی قیمت گر رہی ہے جبکہ سٹاک مارکیٹ بھی گراوٹ کا شکار ہے،
معیشت کی بہتری کیلئے عقل اور وژن کی ضرورت ہے۔پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ ہم عوام کی عدالت میں سر خروہوں گے،میرے خلاف کچھ ثابت ہو تو سیاست چھوڑ دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ انسان کو ہرحال میں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے، حالات کا شکوہ کمزور لوگ کرتے ہیں، عوام سے وعدہ ہے کہ جب تک سیاست کروں گا ایمانداری سے کروں گا۔انہوں نے کہا کہ مجھے اپنی فکر نہیں، معیشت کی کشتی ڈوب رہی ہے، قرضوں کا بوجھ بڑھ رہا ہے، آنے والے ہفتے اور مہینے مشکل بن کر عوام پر گریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 71سالہ تاریخ میں ایسے معاشی چیلنجز کا کبھی سامنا نہیں رہا، جب ملک کی معیشت خراب ہو تو دشمن کو سازش نہیں کرنی پڑتی۔ ڈالر گر رہا ہے اور سٹاک مارکیٹ بھی گراوٹ کا شکار ہے، حکومت کا عقل والا خانہ خالی ہے، معیشت کے لیے عقل اور وژن کی ضرورت ہے جس سے موجودہ حکمران عاری ہیں۔