اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر ملائیشیا میں پھنسے 320 پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کیلئے پی آئی اے کا خصوصی طیارہ بدھ کی صبح ملائشیا پہنچ گیا۔یہ پاکستانی ملائشیا میں اپنی قید مکمل کر چکے تھے مگر ڈائریکٹ فلائیٹ کے تعطل کی وجہ سے پاکستان آنے سے قاصر تھے۔
وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی خصوصی ہدایت پر وزارت خارجہ میں ان پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے خصوصی سیل قائم کیا گیا۔اس سیل میں وزارت خارجہ،پی آئی اے اور بیت المال کے افسران شامل تھے،سیل نے ان پاکستانیوں کی فوری وطن واپسی کے لیے تمام انتظامات مکمل کئے، دفتر خارجہ کے مطابق اس وقت پی آئی اے کا خصوصی طیارہ ملائشیا میں موجود ہے،320 مسافروں کی بورڈنگ کا عمل مکمل ہو چکا ہے،ملائیشیا ائیر پورٹ پر ان پاکستانیوں کا جوش و خروش دیدنی ہے۔ اب یہ پاکستانی،پاکستان میں اپنے گھروں میں،اپنے پیاروں کے ساتھ عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں گے، ملائشیا میں پھنسے ہوئے 320 قیدیوں کو لے کر خصوصی طیارہ اسلام آباد پہنچ گیا، قیدیوں نے طیارے میں پاکستان زندہ باد اور شکریہ عمران خان کے نعرے لگا دیے۔ وزیراعظم نے سختی سے ہدایت کی تھی کہ ان پاکستانیوں کو عید سے پہلے پاکستان لایا جائے تاکہ یہ پاکستانی عید پاکستان میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ کریں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق طیارے کے اندر شکریہ عمران خان کے نعروں کے دوران انتہائی جذباتی مناظر دیکھے گئے۔