نئی دہلی (این این آئی)بھارت نے کہا ہے کہ وہ ایران سے تیل کی خریداری کا سلسلہ دوبارہ شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ نئی کابینہ کی تشکیل کے بعد ایران سے تیل کی خریداری کے لیے مذاکرات کا شروع کیے جائیں گے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق مذکورہ ذریعے نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہندوستان ایران سے تیل کے سودے روپے میں کرنا چاہتا ہے تاکہ امریکی پابندیوں کو بائی پاس کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ امریکی پابندیوں کے پیش نظر ہندوستان نے ایران سے
محدود پیمانے پر تیل خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔قبل ازیں ہندوستان کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف کے ساتھ ملاقات میں کہا تھا کہ ایران سے تیل کی خریداری کے بارے میں کوئی بھی فیصلہ پارلیمانی انتخابات کے بعد کیا جائے گا۔امریکہ نے کچھ عرصہ قبل ایران مخالف پالیسیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایرانی تیل کے خریداروں کو حاصل چھوٹ ختم کردی تھی۔ایرانی تیل کے خریداروں نے امریکہ کے اس فیصلے پر کڑی نکتہ چینی کی تھی۔