اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستانی شوبز سے وابستہ سابق اداکار جمال شاہ نے اپنی سابق اہلیہ اور
اداکارہ فریال گوہر کی جانب سے عائد کیے گئے گھریلو تشدد کے الزامات کی تردید کردی ہے۔
جمال شاہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر متعدد پوسٹس کے ذریعے اپنا مؤقف پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فریال گوہر کی جانب سے ان پر لگائے گئے الزامات درست نہیں، جبکہ انہوں نے فریال کے حمل ضائع ہونے سے متعلق دعوے کی بھی وضاحت کی۔
اپنی ایک پوسٹ میں جمال شاہ نے بتایا کہ ان کی اور فریال گوہر کی شادی 1984 میں ہوئی تھی۔ ان کے مطابق 1985 میں کتے کے کاٹنے کے باعث فریال گوہر کا حمل ضائع ہوا، جبکہ 1986 سے 1988 کے دوران وہ اپنی تعلیم کے سلسلے میں لندن میں مقیم رہے۔ دونوں کی 1989 میں طلاق ہوگئی تھی۔
سابق اداکار نے واضح کیا کہ ان کی ازدواجی زندگی میں گھریلو تشدد کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لندن میں قیام کے دوران بھی دونوں نے مزید بچوں کی منصوبہ بندی نہیں کی تھی، اس لیے حمل سے متعلق کسی اور امکان کا سوال نہیں تھا۔
جمال شاہ نے اپنی موجودہ ازدواجی زندگی کے بارے میں بتایا کہ انہوں نے 2005 میں دوسری شادی کی۔ ان کے مطابق ان کی موجودہ اہلیہ نہایت سمجھدار، باصلاحیت اور خیال رکھنے والی ہیں اور ان کے تین بچے ہیں۔ انہوں نے اپنی زندگی کو سادہ مگر پُرسکون اور خوشگوار قرار دیا۔
انہوں نے طنزیہ انداز میں یہ بھی کہا کہ اگر کوئی ان کے گھر آکر ان کے خاندان سے ملنا چاہے اور گھریلو تشدد سے متعلق کسی دعوے کی حقیقت جاننا چاہے تو وہ ایسا کرسکتا ہے۔
ایک اور پوسٹ میں جمال شاہ نے کہا کہ انہوں نے آج تک کسی انٹرویو میں فریال گوہر کے بارے میں نامناسب گفتگو نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ندا ان کے لیے بیٹیوں جیسی ہیں اور جب ندا نے انہیں اپنے پروگرام میں شرکت کی دعوت دی تو اس وقت انہیں علم نہیں تھا کہ فریال گوہر بھی پروگرام میں شریک ہوں گی۔
جمال شاہ کے مطابق ایک یا دو روز بعد جب انہیں بتایا گیا کہ فریال بھی پروگرام میں موجود ہوں گی تو ان کے لیے دعوت مسترد کرنا مناسب نہیں لگا۔ انہوں نے کہا کہ فریال گوہر کے ساتھ ان کی شادی تقریباً پانچ سال تک قائم رہی اور انہیں اس رشتے پر نہ کوئی پچھتاوا ہے اور نہ ہی کوئی تلخی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں نے باہمی طور پر نہایت مہذب انداز میں اپنی راہیں جدا کیں اور طویل عرصے تک انہوں نے اپنی طلاق کا میڈیا میں بھی ذکر نہیں کیا۔
جمال شاہ نے ایک اور بیان میں اپنے مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے ہی واضح کرچکے ہیں کہ انہوں نے کبھی تشدد نہیں کیا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ میڈیا یا سوشل میڈیا پر غیر ضروری بحث کا حصہ بننے کے لیے فضول گفتگو نہیں کرنا چاہتے۔



















































