کراچی(این این آئی) اداکار محسن عباس کی اہلیہ فاطمہ سہیل کے بعد اداکارہ حمائمہ ملک نے بھی اپنی شادی شدہ زندگی میں خود پر ہونے والے ظلم کی داستان بیان کردی۔چند روز قبل اداکار و گلوکار محسن عباس حیدر کی اہلیہ فاطمہ سہیل نے اپنے اوپر ہونے والے ظلم کی داستان بیان کرتیہوئے کہا تھا کہ ان کے شوہر محسن عباس نے انہیں حاملہ ہونے کے باوجود شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔
سوشل میڈیا صارفین سمیت مختلف شوبز شخصیات نے فاطمہ کے حق میں آواز اٹھائی جب کہ اداکارہ حمائمہ ملک نے ان سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اپنے اوپر ہونے والے ظلم کی داستان بیان کی ہے۔حمائمہ ملک نے انسٹاگرام پر اپنی شادی شدہ زندگی میں اپنے اوپر ہونے والے تشدد پر بات کرتے ہوئے کہا اگرچہ اس بات کو بہت سال گزر چکے ہیں لیکن وہ سال اور ان میں سہنے والا درد آج بھی دن رات مجھے پریشان کرتاہے۔حمائمہ ملک نے کہا جب ان کی شادی ہوئی وہ صرف 20 سال کی تھیں اور اپنا درد اپنے گھروالوں کے ساتھ بھی شیئر نہیں کرسکی تھیں۔ حمائمہ نے کہا میں آج اپنے آپ پر شرمندہ ہوں کہ میں اپنی شادی کے تین برسوں تک ظلم برداشت کرتی رہی اور اپنے لیے کچھ نہ کرسکی۔حمائمہ نے مزید انکشاف کرتے ہوئے کہ جب وہ اپنی اور اپنے گھر والوں کی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے کام کررہی تھیں اس وقت بھی انہیں ایک بار نہیں بلکہ کئی باردھمکایا گیا لیکن اب میں بالکل بھی خوفزدہ نہیں ہوں بلکہ میں اس بات پر شرمندہ ہوں کہ میں اب تک خاموش کیوں رہی۔واضح رہے کہ اداکارہ حمائمہ ملک نے اداکار شمعون عباسی سے 2010 میں شادی کی تھی لیکن یہ شادی زیادہ عرصہ تک برقرارنہ رہ سکی اور دوبرسوں بعد ہی دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی۔ حمائمہ نے اس سے قبل کبھی اپنی شادی شدہ زندگی کے بارے میں بات نہیں کی یہ پہلا موقع ہے جب انہوں نے اپنی شادی شدہ زندگی کے کے رازوں سے پردہ اٹھایاہے۔