ممبئی(این این آئی) بالی ووڈ صرف اداکاری کے شعبے کانام نہیں ہے بلکہ اس انڈسٹری میں گلوکاری، فلمسازی سمیت متعدد شعبہ جات ہیں جن میں کام کرنے والے فنکار بھی اتنی ہی محنت کرتے ہیں جتنی کہ اسکرین پر نظر آنے والے اداکار اور اگر گلوکاری یا فلمسازی کے شعبے میں کامیابیاں سمیٹنے والے افراد عوامی مقبولیت حاصل کرلیں تووہ فلموں میں بطور اداکار قسمت آزمائی کرتے ہیں۔ لیکن ضروری نہیں کہ جو شخص گلوکاری یا ہدایت کاری میں اچھا ہو وہ اداکاری میں بھی اچھا ہو۔
یہاں بھی کچھ ایسے ہی گلوکاروں سے متعلق تفصیلات پیش کی جارہی ہیں۔بالی ووڈ کے مقبول ترین گلوکار اورمیوزک ڈائریکٹر ہمیش ریشمیانے حقیقی مقبولیت’’عاشق بنایا آپ نے ‘‘گانے سے حاصل کی۔ اس گانے کی ریلیز کے بعد ریشمیا اتنے مقبول ہوگئے کہ انہیں فلموں میں بطور مرکزی اداکار پیشکش ہونے لگیں جنہیں انہوں نے بخوشی قبول کیااور ’’قرض‘‘، ’’آپ کا سرور‘‘جیسی فلمو ں میں کام کیا۔ لیکن بدقسمتی سے وہ اداکاری کے شعبیمیں وہ مقبولیت حاصل نہ کرسکے جو گلوکاری کے شعبے میں حاصل کی تھی اور اس شعبے میں وہ مکمل طور پر فلاپ ہوگئے۔گلوکار سونو نگم کا شمار بھارتی فلم انڈسٹری کے باصلاحیت اور لیجنڈ گلوکاروں میں ہوتا ہے، انہوں نے کئی کامیاب گانے گائے ہیں جب کہ ان کے کئی البمز رینکنگ چارٹ پر ٹاپ پوزیشن پر رہے ہیں، تاہم گلوکاری کے شعبے کا یہ کنگ اداکاری کے شعبے میں فلاپ ہوگیا۔ انہوں نے فلم ’’جانی دشمن؛ ایک انوکھی کہانی‘‘میں اداکاری کی تھی لیکن وہ شائقین پر تاثر جمانے میں ناکام رہے۔موجودہ دور کے پسندیدہ ترین گلوکاروں کی بات کی جائے تو بلاشبہ یویوہنی سنگھ کانام سرفہرست ہے۔ یویوہنی سنگھ کا شاید ہی کوئی گانا ہوگاجو عوام میں مقبول نہ ہوا ہوتاہم جب انہوں نے فلم’’ایکسپوز‘‘میں اداکاری کے جوہر دکھائے تو لوگوں نے انہیں ان کی بری اداکاری کی وجہ سے بطور اداکار قبول کرنے سے انکار کردیا۔بالی ووڈ کو کئی دہائیوں سے سپر ہٹ گانے دینے والے گلوکار شان بھی اداکاری کے شعبے میں قسمت آزمائی کرچکے ہیں۔ گلوکار شان نے فلم’’بلوندر سنگھ فیمس ہوگیا‘‘میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے، لیکن شائقین کو متاثر کرنے میں ناکام رہے۔