لاہور(این این آئی) اداکارہ وماڈل ایشا نورنے کہا ہے کہ شوبز میں بھی میرٹ کے بجائے منظور نظر لوگوں کو نوازا جاتا ہے لیکن جولوگ سچی لگن اورمحنت کے ساتھ کسی شعبے کواپنا پروفیشن بناتے ہیں، انھیں ایک نہ ایک دن کامیابی ضرورملتی ہے۔ اپنے ایک انٹرویو میں ایشا نورنے کہا کہ ابتدا میں جب کوئی بریک تھرو نہ ملا تو کمپیئرنگ اور ماڈلنگ تک محدود رہنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔
بھارت میں پاکستانی ٹی وی ڈراموں کا چینل کھولنے سے ہمارے فنکاروں کو فائدہ ہورہا تھا لیکن ان کی جانب سے فن اورفنکاروں پرپابندی لگانے کا اقدام انتہائی ناپسندیدہ ہے۔ ان کے اس عمل سے پاکستان کا نہیں بلکہ ان کا اپنا ہی گھناؤنا چہرہ سب کے سامنے آیا ہے۔ایشا نور نے کہا کہ ماضی میں فلم انڈسٹری کے حالات اور ماحول اچھا نہ ہونے کی وجہ سے ٹی وی اور فیشن انڈسٹری کے لوگوں نے اس میں دلچسپی نہیں لی لیکن اب اچھی اورمعیاری فلمیں بنائی جا رہی ہیں اوراس کے مثبت نتائج جلد ہمارے سامنے ہوں گے۔اداکارہ نے کہا کہ جہاں تک بات میری ہے تو اس وقت میرے پاس کئی فلمی پروجیکٹس کی آفرز ہیں جس کے بارے میں ابھی تک اس لیے کوئی فیصلہ نہیں کرپائی کہ میں پہلے ہی ٹی وی کے پروجیکٹس میں بے حد مصروف ہوں، لیکن میں بھی جلد ہی سلوراسکرین پر کام کرتی دکھائی دونگی۔ایشا نے کہا کہ ہمیں دیگر ممالک کے ساتھ بھی جوائنٹ ایڈونچر کرنا چاہیے اس سے ہمارے فنکاروں اور تکنیک کاروں کیساتھ فلم کی بڑی مارکیٹ مل جائے گی۔