ممبئی (این این آئی)بولی وڈ فلم ’پیڈ مین‘ کی تشہیر کے لیے اگرچہ پوری فلم انڈسٹری سامنے آئی تھی، تاہم فلم نے اندازوں سے کم کمائی کرکے اکشے کمار کی کئی فلموں کی روایت برقرار رکھی۔اگرچہ ’پیڈ مین‘ نے باکس آفس پر کم کمائی کی، تاہم فلم نے اچھے تجزیے بٹورے، بلکہ بھارت کی متعدد ریاستوں نے فلم کو ٹیکس فری بھی قرار دیا۔باکس آفس تجریہ کاروں کا اندازہ تھا کہ فلم ابتدائی 10 دن میں 100 کروڑ روپے کمانے میں کامیاب جائے گی ۔
تاہم فلم نے اندازوں سے 30 کروڑ روپے کم کمائی کی۔’پیڈ مین‘ نے ابتدائی 11 دنوں میں بھارت بھر سے مجموعی طور پر 70 کروڑ روپے سے زائد کمائی کی۔بولی وڈ ہنگامہ کے مطابق ’پیڈ مین‘ نے نہ صرف اندازوں سے کم کمائی کی بلکہ وہ 11 دن میں 100 کروڑ کلب میں بھی شامل ہونے میں ناکام رہی۔اس سے قبل گزشتہ برس ریلیز ہونے والی اکشے کمار کی فلم ’ٹوائلٹ ایک پریم کتھا‘ بھی اگرچہ پہلے 2 ہفتوں میں 100 کروڑ کلب میں شامل نہیں ہوئی تھی، تاہم بعد ازاں فلم نے 130 کروڑ روپے کما لیے تھے۔تاہم 2017 کے آغاز میں ریلیز ہونے والی اکشے کمار کی کامیڈین فلم ’جولی ایل ایل بی 2‘ ابتدائی 2 ہفتوں کے اندر 100 کروڑ کلب میں شامل ہوئی تھی۔’پیڈ مین‘ کو بھارت سمیت دنیا کے متعدد ممالک میں 9 فروری کو ریلیز کیا گیا تھا، فلم نے سب سے زیادہ بزنس پہلے دن کی تھی، جو 10 کروڑ روپے سے زائد تھی۔