کراچی (این این آئی)اداکار و فلمساز ہمایوں سعید نے کہا کہ ملکی فلموں کو تسلسل کیساتھ ریلیز کرنے کی منصوبہ بندی کرنا ہوگی ،غیر ملکی فلموں سے اب پاکستانی سینما مالکان اور فلم پروڈیوسرز کو کوئی خوف نہیں ، بیرون ملک پاکستانی فلموں کی کامیابیوں نے نئے در کھول دیئے ہیں اب ہمیں اپنی فلمیں بھارت میں ریلیز کرنے کی منصوبہ بندی کرنی چاہئے ۔
گزشتہ شب زیر تکمیل فلم جوانی پھر نہیں آنی 2 کے سیٹ پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا اپنے ساتھی فنکاروں کی حوصلہ افزائی کرکے خوشی محسوس ہوتی ہے ۔ ملکی فلموں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے ثابت کردیا کہ ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ۔ملکی فلموں کی حوصلہ افزائی کیلئے فلم شائقین کو گھروں سے سینما گھر آنا ہوگا۔ معیاری فلمیں سینما گھروں کو آباد کرنے میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔ فلم’’ جوانی پھر نہیں آنی پارٹ ٹو‘‘ کو عیدالاضحی کے دن ریلیز کرینگے اس بار فلم میں فہد مصطفی ، مروا حسین بھی جلوہ گر ہونگے شائقین کو تفریح سے بھرپور فلمیں دینے کی بھی منصوبہ کرلی ہے ۔