ممبئی (این این آئی)رواں ماہ 7 جنوری کو امریکی ریاست کیلیفورنیا میں سجنے والے 72 ویں گولڈن گلوب ایوارڈ میں بہترین کامیڈین اداکار کا ایوارڈ جیتنے والے بھارتی نژاد امریکی مسلمان اداکار عزیز انصاری نے خود پر لگے جنسی ہراساں کے الزامات کو مسترد کردیا۔خیال رہے کہ 2 دن قبل امریکی شوبز نشریاتی ادارے ’بیب ڈاٹ نیٹ‘ سے بات کرتے ہوئے 23 سالہ فوٹوگرافر لڑکی نے عزیز انصاری پر جنسی طور پر
ہراساں کرنے کے الزامات عائد کیے تھے۔شوبز نشریاتی ادارے نے بروکلین کی فوٹوگرافر کا اصل نام صیغہ راز میں رکھتے ہوئے اپنی خبر میں بتایا کہ فوٹوگرافر خاتون کے مطابق عزیز انصاری نے انہیں اس وقت جنسی طور پر ہراساں کیا، جب وہ ان سے ان کے فلیٹ میں ملیں۔اگرچہ لڑکی نے عزیز انصاری پر سنگین الزامات عائد نہیں کیے تھے، تاہم انہوں نے اداکار پر نہ صرف زبانی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا، بلکہ یہ بھی دعویٰ کیا کہ عزیز انصاری نے انہیں غلط انداز سے چھونے کی کوشش بھی کی۔23 سالہ فوٹو گرافر کا کہنا تھا کہ دوران ملاقات اداکار کی جانب سے کی جانے والی گفتگو اور انداز تکلیف دہ تھا، جس وجہ سے انہیں شرمساری محسوس ہوئی۔23 سالہ فوٹوگرافر کے مطابق انہیں اس وقت شدید دھچکا لگا، جب عزیز انصاری نے 7 جنوری کو ہونے والی گولڈن گلوب کی تقریب میں خواتین کے ساتھ ہونے والی ذیادتیوں کے خلاف جاری مہم ’ٹائمز اپ‘ میں شرکت کے طور پر سیاہ لباس پہنا اور اس مہم کا بینر اپنے لباس پر آویزاں کیا۔تاہم دوسری جانب کامیڈین عزیز انصاری نے 23 سالہ فوٹوگرافر کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ وہ گزشتہ برس اس حوالے سے معذرت بھی کر چکے ہیں، تاہم پھر بھی وہ یہ بتانا درست سمجھتے ہیں کہ ان پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔عزیز انصاری کا کہنا ہے کہ ان کے اور 23 سالہ فوٹوگرافر کے درمیان جو کچھ بھی ہوا، وہ رضامندی کے
تحت ہوا۔عزیز انصاری نے تسلیم کیا کہ ان دونوں کی ملاقات ہوئی، اور انہوں نے ایک دوسرے کے ساتھ اپنے فون نمبرز کا تبادلہ کیا، جس کے بعد دونوں نے ایک دوسرے کو پیغامات بھی بھیجے۔کامیڈین اداکار کے مطابق انہوں نے اپنے کچھ پیغامات پر گزشتہ برس معذرت بھی کی تھی، جب کہ ان پر جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں۔عزیز انصاری کے مطابق وہ خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے خلاف جاری مہم ’ٹائمز اپ‘ کی حمایت جاری رکھیں گے۔