ممبئی(این این آئی)بھارتی فلم انڈسٹری کے ممتاز اداکار سلمان خان نے کہا ہے کہ پاکستان کیساتھ جنگ چاہنے والوں کو بارڈر پر بھیج دینا چاہیے ، پاک بھارت تعلقات کی بحالی کیلئے صرف بات چیت اور مذاکرات کی واحد راستہ ہے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہو ئے دبنگ خان کا کہنا تھا کہ
دونوں ممالک کے درمیان جنگ ٹھیک نہیں ہے کیونکہ جب جنگ ہوتی ہے تو اس سے دونوں طرف کے لوگ مرتے ہیں۔ سپاہی اپنی جان گنوا دیتے ہیں جبکہ مرنے والوں کے خاندان زندگی بھر کے لئے بے بس ہو جاتے ہیں۔سلمان خان کا کہنا تھا کہ وہ لوگ جو دونوں ممالک کے درمیان جنگ چاہتے ہیں، انھیں ہی بندوقیں دے کر بارڈر پر بھیج دینا چاہیے، تب جا کر انہیں جنگ کا اصلی مطلب سمجھ میں آئے گا۔بھا رتی میڈیا کے مطا بق سلمان خان کے اس بیان کے بعد ہندو انتہا پسند تنظیم شیو سینا کے رہنما بھڑک اٹھے ہیں۔ انہوں نے سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے سلمان خان کو وارننگ دی ہے کہ وہ اپنی حدود کراس کر رہے ہیں۔