چندی گڑھ(این این آئی )بھارتی ریاست ہریانہ کے لوک آیکت نے سوہا علی خان کو جاری کئے گئے ہتھیار کے لائسنس کیخلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سوہا علی خان پر الزام ہے کہ انہیں 1996میں آرمز لائسنس جاری کیا گیا تھا جبکہ اس وقت ان کی عمر صرف 18سال ایک مہینہ تھی جبکہ ہتھیار چلانے کا لائسنس کسی بھی شخص کو 21سال کی عمر سے پہلے جاری نہیںکیا جاسکتاہے ۔
سوہا علی خان کے نام پر آمرز لائسنس سیاہ ہرن کے شکار کے معاملے کی جانچ پڑتال کے دوران سامنے آیا ۔بھارتی میڈیا کا کہناہے یہ پورا معاملہ سوہا علی خان کی 12 بور کے رائفل کے لائسنس سے منسلک ہے.،الزام ہے کہ نواب مسور علی خان پٹودی نے 2006 میں اسی رائفل سے جھجھر میں سیاہ ہرن کا شکار کیا تھا، بعد میں اس رائفل پر قبضہ کر لیا گیا تھا، لیکن رپورٹ میں اس بات کا ذکر نہیں کیا گیا کہ یہ رائفل سوہا کے نام سے درج ہے۔ تحقیقات میں سامنے آیا تھا کہ 12 بور کی یہ رائفل پہلے سلطان کے نام سے درج تھی بعد میں اسے سوہا علی خان کے نام کیا گیا۔ لوک آیکت نے اس پورے معاملے کی جانچ میں شامل افسروں کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا ہے۔