ممبئی(این این آئی) اوڑی میں دہشت گردانہ حملے میں ہلاک 18 جوانوں کے غم میں لتا منگیشکر اس مرتبہ اپنی سالگرہ نہیں منائیں گی، انہوں نے ٹوئٹر پر اس بات کا اعلان کیا ہے، ساتھ ہی ساتھ انہوں نے ہم وطنوں نے ‘آرمی ویلفیئر فنڈ میں اپنی مرضی سے پیسہ جمع کرنے کی بھی اپیل کی ۔سْروں کی ملکہ لتا منگیشکر نے اس مرتبہ اپن سالگرہ پر مداحوں سے کوئی تحفہ یا پھول وغیرہ بھی دینے سے انکار کیا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ لوگ ان پیسوں کو آرمی ویلفیئر فنڈ میں جمع کر دیں ۔لتا منگیشکر بھی اوڑی میں دہشت گردانہ حملے پر خاموش نہ رہیں اور ٹوئٹر پر لکھا کہ میں ایسا مانتی ہوں کہ ماں، باپ، ماسٹر اور وطن کے محافظ ہمارے جوانوں کے لئے جتنا بھی کریں کم ہے، ہمارے ملک کے بہادر جوان جو ملک کی حفاظت کے لئے اپنی جان کی پرواہ نہیں کرتے، انہی کی وجہ سے ہم محفوظ رہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا بھی یہ فرض بنتا ہے کہ ہم ان کے لئے اپنی طرف سے جو بھی کچھ ہو سکے ، وہ ضرور کریں، میں اپنی طرف سے اپنے کچھ بہادر جوان بھائیوں کے لئے آرمی ویلفیئر فنڈ میں کچھ رقم جمع کر رہی ہوں، میرے اوپر آپ کا احسان ہوگا کہ اگر آپ بھی اس کام میں اپنا کردار ادا دیں ۔