اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک ) بالی ووڈ اداکار ہریتھک روشن رواں سال کے آغاز سے ہی مشکلا ت کا شکار رہے ہیں جہاں کبھی ان کی ذاتی زندگی کی پریشانیاں حائل آئیں تو کبھی فلم کی ناکامی اور اب ان کا فیس بک اکاؤنٹ بھی ہیک کرلیا گیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ انڈسٹری میں 2 سال بعد فلم ’’موہن جودڑو‘‘ کے ذریعے سلور اسکرین پرواپسی کرنے والے اداکارہریتھک روشن ابھی فلم کے ناکام ہونے کے باعث پریشانی سے نکل نہیں پائے تھے تو انہیں ایک نئی پریشانی کا سامنا کرنا پڑگیا۔اداکار کا آفیشل فیس بک اکاؤنٹ ایک بھارتی نوجوان ہیکر نے نہ صرف ہیک کیا بلکہ اکاؤنٹ سے اپنی مہارت دکھانے کے لیے وہ براہ راست کے آپشن پر بھی گیا۔ اکاؤنٹ سے براہ راست ہونے کے بعد مداحوں کا بھی ہریتھک کو دیکھنے کے لیے تانتا بندھ گیا لیکن اس وقت ہریتھک تو نہیں دکھے البتہ انہیں ہیکر ضرور نظر آیا۔اداکارنے اکاؤنٹ ہیک ہونے کے حوالے سے اپنے ہی فیس بک پیج پر تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پیج ہیک کیا گیا تھا لیکن اب پیج کو ریکور کر لیا گیا ہے اور اب اسے کچھ عرصے کے لیے غیر فعال کردیا گیا ہے۔