اسلام آباد (این این آئی)پاکستان میں جدید ترین فائیو جی کال کا آغازہوگیا۔ بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے زونگ کی پہلی فائیو جی وڈیو کال کا کامیاب تجربہ کیا،دنیا کے تیز ترین نیٹ ورک فائیو جی کی آزمائش کا مرحلہ آسانی سے طے کرلیا گیا، وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکشن سید امین الحق نے زونگ نیٹ ورک کے ذریعے اسلام آباد سے بیجنگ
کال کی،پہلی بین الاقوامی فائیو جی وڈیو کال میں ہزاروں میل دوری کے باوجود بہترین وڈیو اور صاف آواز کا مشاہدہ کیا گیا،فائیو جی نیٹ ورک کے تحت آزمائشی کال کی خصوصی تقریب زونگ ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں منعقد کی گئی،آزمائشی فائیو جی کال کا اعزاز سب سے پہلے زونگ نیٹ ورک کو حاصل ہوا ہے،فائیو جی نیٹ ورک میں تیز ترین ڈیٹا بینڈوتھ استعمال ہوتا ہے۔وفاقی وزیر کے مطابق میرے لیئے نہایت فخر و اعزاز کی بات ہے کہ میں اپنے ملک میں ایسی سروس کے آزمائشی مرحلے کا گواہ بن رہا ہو،فائیو جی کی آمد میرے وطن اور ہم وطنوں کیلئے ٹیکنالوجی کا ایک اہم ترین سنگ میل ثابت ہوسکے گی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ حالیہ دو برسوں میں پاکستان میں موبائل فون استعمال کرنے والوں کی تعداد 81 فیصد سے زائد ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ براڈ بینڈ سروس استعمال کرنے والوں کی تعداد بھی 42 فیصد سے تجاوز کرچکی ہے،وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکشن کی ڈیجیٹل پاکستان کیلئے کی جانے والی تمام کوششیں اپنے دْرست راستے پر ہیں، پاکستان میں فائیو جی اسپیکٹرم کیلئے تمام امور آخری مراحل میں ہیں اور جلد ہی اس کی نیلامی کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہم ٹیکنالوجی کی جدت سے خود کو ہم آہنگ کرنے کے ساتھ دور دراز علاقوں تک نیٹ ورکنگ توسیع کیلئے ب مصروف ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عوام مطمئن رہیں اگر ان کے علاقے میں نیٹ ورکنگ کا کسی بھی قسم کا کوئی
مسئلہ درپیش ہے تو وہ ہم سے مخفی نہیں، فائیو جی کال میں زونگ کی پْشت پر چائینہ موبائل کمیونیکشنز کمپنی کی بھرپور معاونت شامل ہے،کمپنی چین کے 50 شہروں میں ایک لاکھ 88 ہزار فائیو جی بیس اسٹیشنز کے ساتھ دنیا کی سب سے بڑی ٹیلی کمیونیکشن کمپنی کا اعزاز رکھتی ہے۔