کراچی(این این آئی) سندھ ہائی کورٹ نے پاکستانیوں کے حساس ڈیٹا ڈارک ویب پر فروخت کرنے کے معاملے پر پی ٹی اے کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔سندھ ہائیکورٹ میں ساڑھے گیارہ کروڑ پاکستانیوں کے حساس ڈیٹا ڈارک ویب پر فروخت کرنے کے خلاف درخواست کی
سماعت ہوئی۔پی ٹی اے نے عدالت کو بتایا کہ سائبر سیکورٹی ایکسپرٹ نوکری چھوڑ چکے ہیں لہذا جواب جمع کرانے کے لیے مہلت دی جائے۔ عدالت کی جانب سے سیکریٹری آئی ٹی اور ٹیلی کمیونی کیشن کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ۔درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ سیکرٹری آئی ٹی کے دلائل بہت ضروری ہیں لیکن وہ پیش نہیں ہورہے۔ فرنچائز کو ڈیٹا نادرا کی جانب سے فراہم کیا جاتا ہے۔ پی ٹی اے نے بتایا کہ قانون میں ترامیم بھی کی جارہی ہیں اور ایک اتھارٹی بنائی جار ہی ہے۔جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ پی ٹی اے والے اس کو دیکھتے ہیں نادرا کا اس میں کوئی کام نہیں۔ عدالت نے درخواست کی مزید سماعت 24 نومبر تک ملتوی کردی۔درخواست گزار نے موقف اختیار کررکھا ہے کہ 10 اپریل کو ساڑھے گیارہ کروڑ پاکستانیوں کا حساس ڈیٹا فروخت کرنے کے لیے ڈرک ویب سائٹ پر اپلوڈ کیا گیا، شہریوں کا حساس ڈیٹا 35 کروڑ روپے میں فروخت کیا جارہا ہے۔ ڈیٹا موبائل صارفین کا شناختی کارڈ نمبرز، مکمل ایڈریس، فون نمبر اور دیگر چیزیں شامل تھیں۔