نئی دہلی (این این آئی)بھارت میزائل اور ڈرونز کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے امریکا کے ساتھ سیٹیلائٹ تک رسائی کے معاہدے کے قریب پہنچ گیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس معاہدے سے بھارت کو مختلف فضائی اور میدانی ڈیٹا تک رسائی کا
موقع ملے گا جس کا مقصد چین کی عسکری طاقت کا مقابلہ کرنا ہے۔ معاہدے کا اعلان ممکنہ طور پر اگلے ہفتے امریکی سیکرٹری خارجہ اور سیکرٹری دفاع کے دورہ بھارت کے دوران کیا جائے گا جہاں وہ اپنے بھارتی ہم منصبوں سے مذاکرات کریں گے۔امریکی کمپنیوں نے بھارت کو 2017 سے اب تک 21 ارب ڈالر سے زائد کا اسلحہ فروخت کیا ہے اور امریکی حکومت بھارت پر فوجی آلات کے بہتر استعمال کے لیے حساس معلومات کے تبادلے کا معاہدہ کرنے پر زور دیتی رہی ہے۔بھارتی کابینہ نے معاہدے کے حتمی مسودے پر تبادلہ خیال کیا ہے۔بھارتی حکومتی ذرائع کے مطابق امریکا اور بھارت کے درمیان پہلے ہی خفیہ اطلاعات کا تبادلہ ہو رہا ہے اور خاص کر خطے میں چین کی سرگرمیوں سے متعلق اطلاعات کا تبادلہ ہوتا رہا ہے۔