واشنگٹن (این این آئی)امریکی حکومت اور کئی امریکی ریاستوں نے آن لائن سرچ کے شعبے میں ملکی کمپنی گوگل کی مبینہ کاروباری اجارہ داری کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا ہے۔ گوگل پر اپنے حریف اداروں کو نیچا دکھانے کے لیے قوانین کی خلاف ورزی کا الزام ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق دنیا کی بہت بڑی بڑی اور انتہائی کامیاب کمپنیوں میں شمار ہونے والے ادارے گوگل کے خلاف یہ مقدمہ امریکی محکمہ انصاف اور امریکا کی گیارہ مختلف ریاستوں کی طرف سے ملک کے اینٹی ٹرسٹ قوانین کی مبینہ خلاف ورزی کی وجہ سے دائر کیا گیا۔اس مقدمے میں گوگل پر الزام لگایا گیا کہ اس نے آن لائن سرچ انجنز کی مارکیٹ میں اپنی انتہائی غالب پوزیشن کو اپنے حریف اداروں کو نیچا دکھانے کے لیے مروجہ قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے استعمال کیا۔ فوری طور پر گوگل نے اس پیش رفت پر اپنا کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔