واشنگٹن (آن لائن)مائیکرو سافٹ کمپنی کے مالک بل گیٹس کے والد بل گیٹس سینیئر 94 سال کی عمر میں چل بسے۔ بل گیٹس اپنی شخصیت کی تعمیر اور ترقی میں والد کے کردار کو اہم قرار دیتے رہے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بل گیٹس نے اپنے آفیشل بلاگ میں اپنے والد کے انتقال کی خبر دی۔ بل گیٹس سینیئر یا ولیم ہنری گیٹس دوئم سابق امریکی فوجی اہلکار تھے۔بل گیٹس کا کہنا تھا کہ ہم بہت خوش قسمت ہیں کہ ہمیں ایسے بہترین انسان کے ساتھ زندگی کے بہت سے سال گزارنے کا موقع ملا۔انہوں نے لکھا کہ ان کے والد نے گیٹس فاؤنڈیشن کے فلاحی امور میں اہم کردار ادا کیا، بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن آج جو ہے وہ ان کے بغیر ممکن نہیں تھی۔بل گیٹس سینیئر، گیٹس فاؤنڈیشن کے کو چیئر بھی رہ چکے ہیں۔بل گیٹس نے لکھا کہ لوگ میرے والد سے پوچھتے تھے کہ کیا وہ اصل بل گیٹس ہیں جس نے مائیکرو سافٹ کی داغ بیل ڈالی؟ حقیقت یہ ہے کہ وہ جو تھے میں نے وہی بننے کی کوشش کی۔ بل گیٹس سینیئر کے انتقال کی وجہ نہیں بتائی گئی تاہم خاندانی ذرائع کی جانب سے کہا گیا کہ وہ کچھ عرصے سے خرابی صحت کا شکار تھے۔بل گیٹس کی اہلیہ ملنڈا گیٹس نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر اپنے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا۔