ریاض (این این آئی)آئندہ اتوار کی صبح کو بعض عرب ممالک میں ایک منفرد فلکیاتی نظارہ دیکھا جائے گا۔ یہ منظر چاند اور مریخ کے ایک دوسرے کے آمنے سامنے آنے اور چاند کی وجہ سے مریخ کے چھپ جانے کی شکل میں ہو گا۔ اسے سعودی عرب میں بھی دیکھا جا سکے گا۔عرب ٹی وی کے
مطابق چاند کی مریخ کے سامنے آنے کے بعد مریخ کچھ دیر کے لیے چھپ جائے گا۔ یہ منظر دوربین، ٹیلی سکوپ اور عام آنکھ سے بھی دیکھا جا سکے گا۔ یہ منظر افریقی ملک موریتانیہ اور مراکش اور دوسرے ملکوں کے علاوہ جنوب وسطی امریکا میں بھی دیکھا جا سکے گا۔جدہ میں فلکیاتی سوسائٹی کے سربراہ انجینیر ماجد ابو زہرا نے عرب ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے تصدیق کی کہ سعودی عرب اور باقی عرب علاقوں کے آسمان میں چاند اور مریخ کے درمیان ملاپ دیکھا جائے گا۔ طلوع آفتاب سے قبل تقریبا ایک ڈگری کے فاصلے سے چاند اور مریخ الگ ہوجائیں گے لیکن یہ فرق نمایاں دکھائی نہیں دے گا۔ان علاقوں میں دن کے وقت آسمان میں ہونے کی وجہ سے سورج کی روشنی آسمان کے گنبد میں موجود قدرتی روشنی کو دھندلا کردے گی۔