نیویارک (این این آئی )فیس بک اور گوگل نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے ملازمین کو باقی ماندہ سال میں بھی گھر سے کام کرنے کی اجازت دیں گے۔میڈیارپورٹس کے مطابق دنیا کی سب سے بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں شمار ہونے والی ان دو کمپنیوں نے جلد ہی اپنے دفاتر کھولنے کا اعلان کیا
مگر کہا کہ وہ گھر سے کام کرنے کے معاملے میں زیادہ لچک دکھائیں گے۔دوسری جانب فیس بک نے کہا کہ وہ 6 جولائی کو اپنے دفاتر کھولے گی۔گوگل کے چیف ایگزیکٹیو سندر پچائی نے کہا کہ جن ملازمین کو دفتر واپس آنے کی ضرورت ہے، وہ بہتر حفاظتی اقدامات کے ساتھ جولائی میں آ سکیں گے۔مگر انھوں نے کہا کہ زیادہ تر ملازمین جو گھروں سے کام کر سکتے ہیں، وہ ایسا سال کے آخر تک کر سکیں گے۔فیس بک کا کہنا تھاکہ ان کی کمپنی میں جو کوئی بھی گھر سے کام کر سکتا ہے، وہ سال کے آخر تک ایسا کرنے کے لیے آزاد ہے۔ ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ فیس بک ابھی بھی اس حوالے سے کام کر رہا ہے کہ کن ملازمین کو دفتر واپس آنے کے لیے کہا جائے گا۔