نیویارک (این این آئی )معروف سرچ انجن گوگل نے اپنے ڈوڈل کے ذریعے دنیا بھر کے صارفین کو سماجی دوری اختیار کرنے کا پیغام دے دیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق گوگل کے ڈوڈل پرگوگل کے حروف علیحدہ علیحدہ کوئی سرگرمی اختیار کئے ہوئے ہیں جن پر ایک محبت بھرے دل کا نشان بھی جگمگا رہا ہے، ڈوڈل کا پیغام ہے گھروں پر رہیں ، محفوظ رہیں۔گوگل کے تمام حروف بھی گھروں پر
دکھائی دے رہے ہیں اور گھروں پر محفوظ اپنی من پسند سرگرمی اختیار کئے ہوئے ہیں۔گوگل کا پہلا حروف یعنی ’جی‘ کتاب پڑھتا دکھائی دے رہا ہے جبکہ دونوں ’او‘ ایک مشترکہ گھر میں محفوظ گٹار اور گانا گاتے دکھایا گیا ہے۔گوگل کے بقیہ حروف یعنی ایل’ ورزش کررہا ہے جبکہ ’جی‘ اور ’ای‘ اپنے اپنے گھروں سے فون میں گفتگو کرکے رابطہ قائم کئے ہوئے ہیں۔گوگل کا ڈوڈل کے ذریعے پیغام ہے کہ دنیا بھر میں جان لیوا کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے لہذا احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے گھروں پر محفوظ رہیں، خود بھی متاثر ہونے سے بچیں اور دوسروں کو بھی بچائیں۔گوگل کا تازہ ترین ڈوڈل کورونا کے حوالے سے مشورے دیتے ہوئے ایک صفحے سے منسلک کیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ کورونا سے بچنے اور ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہر ایک کا گھر میں رہنا ضروری ہے۔