واشنگٹن(این این آئی)امریکا میں آن لائن ٹیکسی سروس کی جانب سے ہیلی کاپٹر سروس کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کو اوبر کاپٹر کا نام دیا گیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بین الاقوامی آن لائن ٹیکسی سروس اوبر کی جانب سے ایک ٹوئٹ میں اعلان کیا گیا کہ اوبر کاپٹر اب اپنے سب ہی مسافروں کے لیے دستیاب ہوگا، اب نیویارک کے افراد منہاٹنا سے جوہن ایف کینیڈی انٹرنیشنل ایئر پورٹ تک اوبر کاپٹر میں سفر کر سکیں گے۔اعلامیے کے مطابق اوبر ہیلی کاپٹر سروس بھی اب عام عوام کے لیے شروع کی گئی ہے، نیویارک کے شہر ی اب منہاٹنا سے
جوہن ایف کینیڈی انٹرنیشنل ایئر پورٹ تک 8 منٹ میں اوبر کاپٹر کے ذریعے سفر طے کریں گے۔اس آن لائن ہیلی کاپٹر میں بیک وقت 6 مسافر سمیت 2 پائلٹ سفر کرسکیں گے، اوبر کاپٹر رائیڈ کا ہر مسافر کے لیے 200 سے 225 ڈالر کرایا مختص کیا گیا ہے۔کرائے کی قیمتیں اوبر کاپٹر کی مانگ کے مطابق زیادہ یا کم ہو سکتی ہیں جبکہ یہ سہولت پیر تا جمعہ میسر ہوگی۔اس سروس کو ابھی صرف آئی فون صارفین استعمال کر سکتے ہیں جبکہ فلائٹ کی بکنگ ایئر پورٹ سے کی جائے گی ،مسافروں کو 5 دن پہلے اپنی سیٹ بک کروانی ہوگی۔