اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک اور نئے فیچر پر کام کیا جارہا ہے جس کے ذریعے اپنے ٹویٹ پر آنے والے ناپسندیدہ جوابات کو چھپانا ممکن ہوگا۔ ٹویٹر انتظامیہ کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ اس نئے فیچر پر کام جاری ہے۔
اور جلد ہی اسے صارفین کے استعمال کے لیے پیش کردیا جائے گا۔ یہ نیا فیچر ’ہائیڈ ٹویٹ‘ کا ہوگا جس میں آپ اپنے ٹویٹ پر آنے والے ان جوابات کو جو آپ کے لیے ناگوار اور ناپسندیدہ ہوں گے، چھپا سکیں گے۔ اس سے قبل ایسے ٹویٹس کے لیے میوٹ، بلاک یا رپورٹ کا آپشن دستیاب تھا۔ چھپائے جانے والے ٹویٹس کو ’ویو ہائیڈ ٹویٹس‘ کے ذریعے دوبارہ دیکھا بھی جاسکے گا۔ ٹویٹر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس فیچر کے ذریعے سوشل میڈیا پر ہونے والی بدمزگیوں اور نفرت انگیز ٹویٹس سے بچا سکے گا۔ ٹویٹر کی سینیئر پراڈکٹ مینیجر مشل یاسمین کا کہنا ہے کہ ہائیڈ ٹویٹ اور اسے دوبارہ ظاہر کرنے کے فیچر کا مقصد ٹویٹر پر صحت مندانہ بحث و مباحثے کو فروغ دینا ہے تاکہ یہ پلیٹ فارم گفتگو کا ایک بہتر مقام بن سکے۔ تاہم ڈیجیٹل صارفین اس فیچر پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے اسے آزادی اظہار رائے پر ایک اور وار بھی قرار دے رہے ہیں۔ ٹویٹر کا یہ نیا فیچر کس کے لیے کتنا کارآمد اور کتنا نقصان دہ ثابت ہوگا، یہ اسی وقت معلوم ہوگا جب اس فیچر کو فعال کردیا جائے گا۔