اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) اگر آپ سے پوچھا جائے تو کہ یوٹیوب کی سب سے زیادہ ناپسندیدہ ویڈیو کونسی ہے ؟ تو جواب کے لیے زیادہ دور جانے کی ضرورت نہیں۔ درحقیقت ایک ہفتے قبل پوسٹ ہونے والی ایک ویڈیو نے یہ ‘اعزاز’ اپنے نام کرلیا ہے۔ جی ہاں یوٹیوب ری وائنڈ
2018 اس سائٹ کی سب سے زیادہ ناپسند کی جانے والی ویڈیو بن گئی ہے اور ایک ہفتے کے اندر اس نے یہ انوکھا ریکارڈ اپنے نام کیا ہے۔ اس ویڈیو کو ایک ہفتے کے اندر ایک کروڑ 10 لاکھ سے زائد افراد نے ڈس لائیک کیا جبکہ لائیکس کی تعداد محض 22 لاکھ سے کچھ زیادہ ہے۔ اس ویڈیو کو لگ بھگ 13 کروڑ بار دیکھا جاچکا ہے مگر ایسا لگتا ہے کہ بیشتر افراد کو وہ بالکل پسند نہیں آئی۔ اس سے قبل یہ اعزاز جسٹن بیبر کے گانے ‘بے بی’ ہے کے پاس تھا جسے 97 لاکھ افراد نے ڈس لائیک کیا، مگر اس کے ویوز 2 ارب جبکہ اسے 2010 میں ریلیز کیا گیا تھا۔ یوٹیوب ری وائنڈ 2018 میں ول اسمتھ سمیت متعدد کریٹیرز جیسے مولی بروک، لیزا کوشے اور دیگر کو دیکھا جاسکتا ہے اور یہ ویڈیو گزشتہ ہفتے ریلیز ہوئی۔ یہ 2018 میں یوٹیوب کے چند بڑے لمحات کا مجموعہ تھی مگر پھر لوگوں نے اسے اتنا ناپسند کیوں کیا؟ اس کی وجہ ویڈیو میں یوٹیوب کے چند بڑے اسٹارز کو اس ویڈیو میں شامل نہ کرنا ہے۔ اس ‘سنگ میل’ پر یوٹیوب نے اپنے ابتدائی ردعمل میں کہا کہ کمپنی نتائج سے خوش ہے کیونکہ کسی حد تک یہ صارفین کی توجہ کا مرکز بن رہی ہے مگر جمعرات کی شب اس نے اپنے بیان میں کہا ‘ڈس لائیک میں بے بی کا اعزاز چھیننا اس سال ہمارا مقصد نہیں تھا، دیانتدارانہ فیڈبیک برا ہوسکتا ہے مگر ہم اسے سنتے ہیں اور ہم سراہتے ہیں کہ لوگ اس پلیٹ فارم کی کتنی پروا کرتے ہیں، ایک ویڈیو میں پورے سال کے جادو کو دکھانا بجلی کو ایک بوتل میں بند کرنے جیسا ہے، آپ اپنا فیڈبیک دیتے رہے ہیں ہوسکتا ہے کہ ہم ری وائنڈ ڈس لائیک ٹاپ 10 ری ایکشن ویڈیو بھی جاری کریں’یوٹیوب نے یہ ویڈیو درحقیقت مارکیٹنگ اور اشتہاری کمپنیوں کو ذہن میں رکھ کر بنائی اور اس کی جانب سے ویڈیو شیئرنگ سائٹ کے تاریک پہلوؤں کو چھپایا جارہا ہے۔