اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سونی کے اسمارٹ فونز ہوسکتا ہے لوگوں کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام ہوں مگر اس کے کیمروں کو ضرور بہترین مانا جاتا ہے۔ اور اب اس کمپنی نے اسمارٹ فونز کے لیے سب سے زیادہ ریزولوشن امیج سنسر کی تیاری کا اعلان کیا ہے جو کہ 48 میگا پکسلز کے ساتھ ہوگا۔ کمپنی کے مطابق اتنے زیادہ میگا پکسل کیمرا سنسر سے 8000×6000 پکسلز ایچ ڈی تصاویر لی جاسکیں گی، چاہے زوم کرکے ہی تصویر کیوں نہ لی جائے۔
سام سنگ کے مقابلے پر سونی کے نئے فلیگ شپ فونز اس کا 0.8 مائیکرون پکسل سائز کواڈ بائر کلر فلٹر کے ساتھ کم کرکے کم روشنی میں بھی تصاویر کے معیار کو خراب نہیں ہونے دیتا۔ جب یہ سنسر اسمارٹ فونز میں کام کرے گا تو یہ دن کی روشنی میں اتنی واضح اور بڑی تصاویر کھیچنے میں مدد دے گا کہ ہیواوے کے پی 20 پرو کے 40 میگا پکسل سنسر کو بھی پیچھے چھوڑ دے گا۔ نیچے کمپنی نے ایک 12 میگا پکسل سنسر اور اپنے 48 میگا پکسل سنسر کی تصاویر کا موازنہ پیش کیا ہے۔ فوٹو بشکریہ سونی کمپنی کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایکس 586 نامی یہ کیمرا سنسر ڈائنامک رینج کے لحاظ سے اس وقت موجود ڈیوائسز سے 4 گنا بہتر ہے جبکہ اس سے 4 کے ویڈیوز کو 90fps، 1080p ویڈیوز کو 240fps میں لیا جاسکتا ہے۔ یہ کیمرا سنسر رواں سال ستمبر میں 29 ڈالرز کی قیمت کے ساتھ پیش کیا جائے گا اور ممکنہ طور پر اس سے لیس اسمارٹ فونز 2019 کے آغاز میں دستیاب ہوں گے۔ خیال رہے کہ ایپل کے آئی فون میں سونی کے کیمرا سنسرز استعمال کیے جاتے ہیں تو یہ بھی ہوسکتا ہے کہ مستقبل کے آئی فون ماڈل میں یہ کیمرا سنسر موجود ہو۔