اسلام آباد (این این آئی) پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل فون کی چوری کے سدباب کے لیے ڈیوائس آئیڈنٹیفکیشن رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم (ڈی آئی آر بی ایس) سسٹم کا آغاز کردیا۔ جمعرات کو چیرمین پی ٹی اے محمد نوید نے پی ٹی اے ہیڈکوارٹر میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران ڈی آئی آر بی ایس سسٹم کا افتتاح کیا۔اس موقع پر چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ ایسی ڈیوائس حاصل کرلی گئی ہے، جس سے موبائل فون ڈیوائسز
کی رجسٹریشن ہوسکے گی انہوں نے بتایا کہ ڈی آئی آر بی ایس کے آنے سے چوری شدہ ڈیوائسز کام نہیں کرسکیں گی، جس سے موبائل چوری کا خاتمہ ہوگا اور سروس کا معیار بھی بہتر ہوگا۔چیئرمین پی ٹی اے کا مزید کہنا تھا کہ ڈی آئی آر بی سسٹم سے اسمگلنگ کا خاتمہ ہوگا اور حکومت کے ریونیو میں اضافہ ہوگا۔محمد نوید نے بتایا کہ ڈی آئی آر بی ایس سسٹم سے نہ صرف ٹیلی کام سیکٹر میں بہتری آئے گی بلکہ ٹیکس محصولات جمع کرنے اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے تعاون سے غیر قانونی ڈیوائسز پکڑنے میں مدد ملے گی انہوں نے بتایا کہ ڈی آئی آر بی ایس کے پہلے مرحلے کا آغاز کیا جا رہا ہے، جو موبائل سسٹم سے منسلک ہوگا۔ اس موقع پر ممبر پی ٹی اے عبدالصمد نے بتایا کہ اس ڈیوائس کو جی ایس ایم ڈیٹا بیس کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے، پہلے فیز میں چوری اور گم شدہ ڈیوائسز کو بلاک کیا جائے گا جبکہ دوسرے فیز میں ان ڈیوائسز کی جانچ پڑتال کی جائے گی، جو لوگوں کے استعمال میں ہیں. انہوں نے بتایا کہ اس سسٹم سے صارفین ڈیوائس کا اسٹیٹس معلوم کرسکیں گے۔