لاہور (ا ین این آئی) پاکستان سمیت دنیا بھر میں گزشتہ روز ارتھ ڈے منایا گیا ، زمین سے محبت کا دن ہر سال 22اپریل کو منایا جاتا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد لوگوں میں ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ہر سال زمین کا دن منانے کا مقصد زمین پر رہنے والے ہر فرد کو ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت سے آگاہ کرنا ہے۔ پوری دنیا میں ماحولیاتی آلودگی اور زمینی وسائل کے بے دریغ استعمال نے بے شمار مسائل پیدا کر دیئے ہیں۔
فضائی آلودگی،تیزابی آلودگی،آبی آلودگی اور صوتی آلودگی ہمارے ماحول کا حصہ بن چکی ہیں۔یہ دن پہلی مرتبہ 1970ء میں دنیا بھر میں منایا گیا۔ ماحولیات کی بقاء کے لیے کوششوں کا آغاز کیا گیا اور دوسری طرف تیل کی بڑھتی قیمتوں اور فضائی آلودگی کی وجہ سے اس دن کو منانے کی اہمیت بھی دو چند ہو گئی تھی۔دنیا بھر میں اس موقع پر اپنے ماحول کی صفائی اور فضائی آلودگی پھیلانے سے گریز کے لیے آگہی کے پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں۔اس دن گلوبل وارمنگ سے ہونے والی موسمی تبدیلیوں اور ان کی وجہ سے آنے والی قدرتی آفات کے بارے میں شعور اجاگر کیا جاتا ہے۔