اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک) کیا آپ بتاسکتے ہیں کہ فیس بک پر آپ کی پوسٹ کتنے دوست دیکھ سکتے ہیں ؟ اگر نہیں تو اس وقت سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جنگل کی آگ کی طرح پھیلی افواہ کو مانا جائے تو یہ تعداد محض 25 سے 26 ہے۔ جی ہاں واقعی فیس بک پر کروڑوں افراد تک یہ افواہ پھیل چکی ہے کہ اس ویب سائٹ کے الگورتھم میں کی جانے والی حالیہ تبدیلوں کے باعث اس کی پوسٹس دو درجن دوستوں ہی دیکھ سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں : فیس بک میں حالیہ برسوں کی بڑی تبدیلی کا اعلان اس حوالے سے ایک پیغام بھی گردش کررہا ہے جس میں فیس بک صارفین اپنے دوستوں سے کہتے ہیں کہ وہ جواب میں محض ہائی یا ہیلو کمنٹ کرکے ظاہر کریں کہ یہ پوسٹ ان کی نیوزفیڈ پر نظر آئی ہے اور وہ منتخب کردہ 26 دوستوں میں سے ایک ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بیشتر افراد نے جب اس پوسٹ کو کاپی پیسٹ کیا تو جواب میں 26 سے زیادہ افراد نے کمنٹ کیا مگر پھر بھی لاکھوں افراد اس افواہ کو درست مان رہے ہیں۔ جس کی وجہ فیس بک کے بانی کا یہ اعلان تھا کہ اب نیوزفیڈ کا الگورتھم مخصوص افراد کی پوسٹس کو زیادہ ترجیح دے گا اور جتنے لوگ کسی پوسٹ پر کمنٹ وغیرہ کریں گے وہ نیوزفیڈ پر اوپر آتی جائے گی۔ یہی وجہ ہے کہ اس افواہ کو ماننے میں لوگوں کو کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہوئی حالانکہ فیس بک کے ایک ترجمان نے اس کی واضح تردید کی ہے۔ ویسے فیس بک نیوز فیڈ کا الگورتھم کس طرح کام کرتا ہے وہ سمجھ سے باہر ہے کیونکہ وہ ہر وقت بدلتا رہتا ہے۔ مثال کے طور پر کسی اگر آپ اپنے نیوزفیڈ پر کچھ دن اسکرولنگ کرتے ہوئے پوسٹس کو ذہن میں رکھیں تو کبھی بھی مطابقت نظر نہیں آئے گی اور الگورتھم کچھ پراسرار انداز سے کام کررہا ہوگا۔ ایک مثال یہ بھی ہے کہ کسی قریبی دوست کی شادی کی تصاویر پر ماضی کے کسی جاننے والے کی ملازمت ملنے کی اپ ڈیٹ کو ترجیح دینے کا فیصلہ الگورتھم کس طرح کرتا ہے، وہ بتانا کسی کے بس کی بات نہیں۔
ویسے آپ چاہیں تو اپنے نیوزفیڈ کا کنٹرول خود بھی سنبھال سکتے ہیں اور اسے بہت حد تک اپنی پسند کا کرسکتے ہیں۔ یہ بھی پڑھیں : فیس بک میں لوگوں کی دلچسپی میں کمی؟ اس کے لیے آپ کو ڈیسک ٹاپ پر دائیں جانب اوپر موجود ایرو پر کلک کرکے News Feed Preferences پر جانا ہوگا جبکہ موبائل پر سیٹنگز میں جاکر یہ آپشن ڈھونڈنا ہوگا۔