سڈنی (مانیٹرنگ ڈیسک) والٹ ڈزنی نے 52 ارب 40 کروڑ ڈالر میں خبروں اور انٹر ٹینمنٹ کی کمپنی فاکس کو خریدنے کا سودا کیا ہے۔ اس ڈیل میں فاکس کی ٹونٹی فرسٹ سینچری کی فلم کمپنی بھی شامل ہے۔ڈیجیٹل دنیا کے اب تک اس سب سے مہنگے سودے کا مقصد آن لائن کمپنیوں’ نیٹ فلکس‘اور’ ایمزان‘کے تفریحی شعبے میں مقابلہ کرنا ہے۔خبررساں ادارے روئیٹرز کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ
فاکس نیوز کے مالک مرڈاک نے اپنا میڈیا چینل اور فلم کمپنی والٹ ڈزنی کو 52 ارب 40 کروڑ ڈالر کے عوض فروخت کردی ہے، اس حوالے سے ایک معاہدہ بھی طے پا گیا ہے جس کے تحت ڈزنی 12 سے 18 مہینوں میں ٹونٹی فرسٹ سینچری فاکس فلم اور ٹیلی وڑن کے تمام اسٹوڈیوز، کیبل انٹرٹینمنٹ نیٹ ورک اور ٹیلی وڑن کے بین الاقوامی کاروبار کو اپنی تحویل میں لے لے گا۔اس معاہدے میں فاکس ٹی وی کے 22 علاقائی سپورٹس چینلز اور
امریکہ میں بیس بال، باسکٹ بال، ہاکی اور کالجوں اور سکولوں کے مشہور مقابلے براہ راست نشر کرنے کے حقوق بھی شامل ہیں۔فاکس نیوز کے مالک مرڈاک نے نصف صدی سے زیادہ عرصہ پہلے اپنی والد سے وراثت میں ملنے والے آسٹریلیا کے چھوٹے سے اخبار سے اپنی کاروباری زندگی کا آغاز کیا تھا، جب ان کی عمر 21 سال تھی۔مرڈاک نے اپنی محنت اور کوششوں سے اپنے چھوٹے سے اخبار سے فاکس کے نام سے دنیا کا سب سے اہم نیوز نیٹ ورک اور ٹونٹی فرسٹ سینچری کے نام سے دنیا کی سب سے اہم فلم پروڈکشن کمپنی قائم کی۔