اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چین کی موبائل فون تیار کرنے والی بڑی کمپنی ”شاؤمی“ نے پاکستان میں سستے فون متعارف کرانے کا اعلان کر دیا۔ کمپنی کے مطابق پاکستان میں 13 سے 14 ہزار کی رینج میں سستے اور معیاری موبائل فون مارکیٹ میں لائے جا رہے ہیں۔نجی ٹی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کمپنی نے پاکستان میں یہ فون ”می“ کے نام سے پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ فیچرز موجود ہوں گے۔
کمپنی کے ساتھ آن لائن خریداروں کو فون کی فراہمی کیلئے دراز ڈاٹ پی کے نے معاہدہ کیا ہے۔ دراز ڈاٹ پی کے، کے چیف ایگزیکٹو افسر جان ناتھن نے کہا کہ جدید فون آن لائن سب سے زیادہ فروخت ہونے والے موبائل سیٹوں کی صف میں شامل ہو جائے گا۔ یہ فون ایسے صارفین کیلئے بہترین ثابت ہو گا جو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ مہنگا فون نہیں خرید سکتے۔ کمپنی می موبائل فون کی تعارفی تقریب 20 فروری کو مقامی ہوٹل میں منعقد کرے گی۔