لاہور( این این آئی) ملک بھر میں تھری جی اورفورجی کے صارفین کی تعداد 34.19 ملین سے تجاوز کرگئی۔پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق چائنا موبائل کی جانب سے فورجی میں ڈیوائس لانچ کرنے کے بعد فورجی استعمال کرنے والوں کی تعداد میں 0.8 ملین لوگوں کا اضافہ ہوا ہے۔حکام کے مطابق ملک بھر میں تھری جی کے بعد فور جی کے استعمال میں زیادہ رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ اعداد شمار کے مطابق اکتوبر کے آخری تک زونگ فور جی استعمال کرنے والوں کی تعداد 2.00 ملین سے تجاوز کر گئی ہے، یہ تعداد دو مہینے قبل صرف 0.92 ملین تھی۔پی ٹی اے کے مطابق وارد ایل ٹی ای صارف کی جانب سے فور جی استعمال کرنے والوں کی تعداد 3.00 ملین تک جا پہنچی ہے جبکہ موبی لنک کی جانب سے بھی تھری جی سروس کے بعد تھری جی اور فور جی کے استعمال میں اضافہ ہوا ہے۔رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں لوگوں نے اب انٹرنیٹ کے استعمال کیلئے تھری جی کے بجائے فور جی کو ترجیح دینا شروع کردی ہے۔ جبکہ ستمبر کے آخر میں ملک بھر میں موبائل فون استعمال کرنے والوں کی تعداد 134.14 ملین تک پہنچ گئی ہے۔