نیویارک(این این آئی)معروف امریکی کمپنی ایپل نے ایک برطانوی صارف کو آئی فون کی واپسی کے بدلے اس کی قیمت (799 برطانوی پاؤنڈ) لوٹانے سے انکار کر دیا۔ کمپنی کا موقف ہے کہ پہلے یہ صارف ثابت کرے کہ وہ عراق کا سابق آمر صدام حسین (جو اس دنیا سے رخصت ہو چکا ہے) نہیں ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برمنگھم سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ پاکستانی شہری شراکت حسین نے یہ آئی فون اپنی بہن کے لیے تحفے کے طور پر خریدا تھا تاہم اس کی بہن نے فون بدلنے کا مطالبہ کر دیا۔امریکی کمپنی نے ابتدا میں کہا تھا کہ فون کی قیمت زیادہ ہے لہذا اسے بینک کے ذریعے منتقل کیا جائے گا تاہم کئی ہفتوں کے بعد بھی اس پر عمل نہیں کیا گیا۔بعد ازاں شراکت حسین ایپل کمپنی کی ای میل کو دیکھ کر بھونچکا رہ گیا جس میں بتایا گیا تھا کہ وہ حکومت کی جانب سے پابندی میں شامل افراد میں سے ہے اور اس رْو سے اس کے ساتھ کسی بھی قسم کا لین دین یا معاملہ غیر قانونی ہوگا۔شراکت حسین کے مطابق اسے اپنی آنکھوں پر یقین نہ آیا جب کمپنی کی جانب سے یہ مطالبہ کیا گیا کہ اس بات کا ثبوت پیش کیا جائے کہ وہ صدام حسین نہیں ہے جب کہ اس کا نام شراکت لکھنے اور بولنے میں صدام سے یکسر مختلف ہے۔