کراچی(این این آئی)عالمی سطح پر 2016 گرم ترین سال ہونے کا ریکارڈ قائم کریگا جس سے پاکستان بھی متاثر ہو گا ،آئندہ 3 ماہ درجہ حرارت معمول سے ایک سے 2 ڈگری زیادہ رہے گا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق 2016 گرم ترین سال رہے گا، دسمبر کے وسط تک بارشوں کا امکان انتہائی کم ہے، سردیاں تاخیر سے آئیں گی، گندم کے کاشتکار بھی متاثر ہوں گے۔موسم سرما اس سال تاخیر سے شروع ہو گا، اکتوبر سے دسمبر کے وسط تک بارشوں کے امکانات انتہائی کم ہیں، برف باری کا معمول بھی بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ڈی جی محکمہ موسمیات ڈاکٹر غلام رسول نے کہا ہے کہ یہ گلوبل وارمنگ کا ٹرینڈ ہے جو ہیٹ کو سسٹم میں ایڈ کر رہا ہے، اگلے دو تین ماہ بارش کے اعتبار سے خشک ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ درجہ حرارت بھی ایک سے دو ڈگری زیادہ رہے گا، اس سال سردیاں تاخیر سے آئیں گی، بارشوں کا معمول متاثر ہونے سے بارانی علاقوں کے کاشتکاروں کی مشکلات بڑھیں گی۔جب بارشیں لیٹ آئیں گی تو اس وقت تک گندم کی کاشت کا وقت گزر چکا ہو گا، اس سے نمٹنے کے لیے زمین سے پانی کھینچا جائے گا تو زیر زمین پانی مزید نیچے جائے گا، اس سلسلے کو بڑھنے دیا گیا تو آنے والے دنوں میں پانی کی بری طرح کمی کا سامنا ہو گا۔سرما کی بارشیں کب برسیں گی ، سردی اپنے عروج پر کب ہو گی ؟ڈی جی میٹ کا کہنا ہے کہ 3 ماہ سے زیادہ کی پیشگوئی ممکن نہیں، نومبر میں ہی کچھ اندازہ ہو پائے گا ۔