کیلی فورنیا(مانیٹرنگ ڈیسک) موبائل پر ویڈیوز دیکھنے والوں کیلئے یوٹیوب نے ایک اور آسان سہولت متعارف کروا دی۔ یوٹیوب نے ایک فیچر اسمارٹ آف لائن کو متعارف کرایا ہے جس کے تحت ویڈیوز کو کسی اسمارٹ فون پر انٹر نیٹ کنکشن کے بغیر رات بھر میں ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے اور انہیں کسی بھی وقت اور کہیں بھی دیکھا جا سکے گا۔ یوٹیوب نے یہ فیچر ابھی بھارت کے اسمارٹ فون صارفین کے لیے متعارف کرایا ہے۔ اس کے لیے یوٹیوب نے بھارت میں کام کرنے والی موبائل کمپنیوں ائیر ٹیل اور ٹیلی نار سے شراکت داری کی ہے۔ یوٹیوب کے مطابق کہ اس فیچر کو جلد انڈیا بھر میں کام کرنے والے موبائل نیٹ ورکس تک توسیع دی جائے گی اور توقع کی جا رہی ہے کہ دیگر ممالک جیسے پاکستان میں بھی اسے متعارف کرایا جائے گا۔ نئے فیچر کو صرف وہی صارفین استعمال کر سکیں گے جو سیلولر ڈیٹا نیٹ ورک سے منسلک ہوں گے تاہم یہ آپشن وائی فائی پر نظر نہیں آئے گا اور یوٹیوب ویڈیوز پر گرے ایرو پر کلک کر کے کلپس کو آف لائن دیکھنے کے لیے محفوظ کر سکیں گے۔ یوٹیوب کے مطابق صارفین اپنی پسند کی ویڈیوز پر کلک کر کے رات کو سو جائیں اور اگلی صبح اٹھیں گے تو وہ ویڈیو آف لائن دیکھنے کے لیے تیار ہوں گی اور کسی قسم کی بفرنگ کا بھی سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ یہ ویڈیوز اسمارٹ فون میں ویڈیوز کے فولڈر میں محفوظ ہوں گی اور صارفین ان ویڈیوز کو موبائل ایپ کی مدد سے اپنے فون میں محفوظ کر سکیں گے