سیؤل(مانیٹرنگ ڈیسک) جنوبی کوریا کی الیکٹرانک مصنوعات بنانے والی مشہور کمپنی ایل جی الیکٹرانکس انکارپوریشن کی بھارتی شاخ نے ایسے ٹی وی سیٹس فروخت کرنے شروع کردیئے ہیں، جن میں ملیریا، زیکا اور ڈینگی پھیلانے والے مچھروں کو دور بھگانے کا فیچر بھی شامل ہے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق مذکورہ ٹی وی کی مچھروں کو دور بھگانے والی ٹیکنالوجی’ الٹراسونک لہروں کو استعمال کرتی ہے، جسے انسان تو نہیں سن سکتے لیکن یہ مچھروں کو ضرور دور بھگا دیتی ہے۔ایل جی کے مطابق اسے گزشتہ روز بھارت میں متعافت کرایاگیا،کمپنی کے مطابق چنائی کی ایک انڈیپنڈنٹ لیبارٹری کی جانب سے تصدیق شدہ ایسی ہی ٹیکنالوجی ایل جی کے ایئرکنڈیشنرز اور واشنگ مشینوں میں بھی استعمال کی جارہی ہے۔واضح رہے کہ یہ ٹیکنالوجی اْس وقت بھی کام کرتی ہے، جب ٹی وی بند ہو۔مذکورہ ٹی وی کے 2 ماڈلز دستیاب ہیں، جن کی قیمت بالترتیب 26 ہزار 5 سو روپے اور 47 ہزار 5 سو روپے ہے۔اس ٹی وی کو کم آمدنی والے افراد کے لیے تیار کیا گیا ہے، جو ایسی جگہوں پر رہائش پذیر ہوتے ہیں، جہاں مچھروں کے کاٹے اور ان سے پیدا ہونے والی بیماریوں کا زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔ایل جی الیکٹرانکس کے ایک عہدیدار کم سانگ یؤل کا کہنا تھا کہ اگلے ماہ اسے فلپائن اور سری لنکا میں بھی پیش کردیا جائے گا۔تاہم ان کا مزید کہنا تھا کہ کمپنی کا اس کے علاوہ ان ٹی وی سیٹس کو کسی اور مارکیٹ میں پیش کرنے کا ارادہ نہیں۔