نیویارک(این این آئی)کیپلردوربین نے نظامِ شمسی سے باہر زمین کی جسامت کے ایک سو سے زیادہ سیارے دریافت کرلئے ،ان میں سے نو سیارے ایسے ہیں جو اپنے ستاروں کے گرد اتنے فاصلے پر گردش کر رہے ہیں جنھیں ’قابلِ رہائش علاقہ‘ کہا جاتا ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ وہاں پانی مائع حالت میں پایا جا سکتا ہے، جو ممکنہ طور پر زندگی کو پروان چڑھا سکتا ہے۔یہ دریافتیں ان 1284 نئے سیاروں کا حصہ ہیں جنھیں کیپلر نے دریافت کر کے نظامِ شمسی سے باہر اب تک دریافت شدہ سیاروں کی تعداد دگنی کر دی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق کیپلر کی مشن سائنسٹسٹ ڈاکٹر نیٹلی بیٹیلانے کہاکہ ہماری کہکشاں میں دس ارب کے قریب ایسے سیارے موجود ہیں جو قابلِ رہائش مداروں میں گردش کر رہے ہیں،انھوں نے کہاکہ تقریباً 24 فیصد ستاروں ممکنہ طور پر قابلِ رہائش سیاروں کے حامل ہیں اور جو زمین کی جسامت سے 1.6 گنا سے چھوٹے ہیں۔ ہمیں یہ تعداد پسند ہے کیوں کہ اس جسامت سے کم کے سیارے ممکنہ طور پر چٹانی ہوتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ کیپلر مشن کا ’بڑا ہدف زمین سے باہر زندگی کا سراغ لگانا، اور یہ جاننا ہے کہ آیا ہم اکیلے ہیں یا نہیں، اور یہ کہ زندگی ہماری کہکشاں میں کیسے پنپتی ہے اور اس میں کس قسم کا تنوع پایا جاتا ہے۔کیپلر دوربین کی دریافتوں میں دو سیارے کیپلر 186 ایف اور کیپلر 452 ایف ایسے ہیں جو جسامت، درجہ حرارت اور اپنے سورج سے حاصل کردہ توانائی کے معاملے میں زمین سے سب سے زیادہ ملتے جلتے ہیں۔