کراچی(این این آئی)نظامِ شمسی کا سب سے پہلا سیارہ عطارد(مرکری)9 مئی کوسورج کے سامنے سے گزرے گا اور اس کا اگلا مشاہدہ 2019 اور 2032 میں ممکن ہوسکے گا جب کہ اس انوکھے منظر کو یورپ، افریقا اور ایشیا سمیت دنیا کے کئی ممالک میں دیکھا جاسکے گا اور جزوی طور پر یہ پاکستان میں بھی نظر آئے گا۔یہ انوکھا منظر اس وقت تشکیل پاتا ہے جب سیارہ عطارد سورج کے سامنے سے ایک سیاہ تِل کی مانند گزرتا ہے ۔ فلکیات کی زبان میں ایسے عطارد کا عبور (مرکری ٹرانزٹ)کہا جاتا ہے جو آخری مرتبہ یہ منظر 2006 میں دیکھا گیا تھا۔کراچی یونیورسٹی میں انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس اینڈ پلانیٹری ایسٹروفزکس (اسپا) سے وابستہ ماہر ڈاکٹر جاوید قمر نے بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق شام سوا 4 بجے عطارد کا عبور پاکستان میں دیکھا جاسکے گا۔اس کے علاوہ مغربی یورپ، افریقا اور ایشیا کے کئی مقامات پر عطارد کا عبور دیکھا جاسکے گا تاہم مشرقی ایشیا، آسٹرل ایشیا اور بقیہ کئی مقامات پر یہ منظر دیکھنا ممکن نہ ہوگا۔ سیارہ عطارد سورج کے گرد 88 دن میں ایک چکر مکمل کرتا ہے۔ یہ منظر اس وقت دیکھا جاتا ہے جب گردش کرتے ہوئے سورج، عطارد اور زمین ایک ہی لائن میں آجاتے ہیں جب کہ ہر صدی میں عطارد کے عبور کے 11 سے 14 واقعات ہوتے ہیں۔