اسلام آباد (نیوز ڈیسک )پیبل نے اپنی دوسری گھڑی پیبل ٹائم کے لیے درکار فنڈز جمع کرنے کے لیے کراﺅلڈ فنڈنگ سائٹ کک سٹارٹ پر جانے کا فیصلہ کیا ہے۔کمپنی کے مطابق اس نئی گھڑی کا رنگین ’ای پیپر‘ ڈس پلے اور بیٹری کی لائف 7 دن ہو گی۔اس گھڑی میں مائیکرو فون بھی ہو گا جس کے ذریعے صارفین اپنے سمارٹ فون سے ملنے والے پیغامات کا جواب بول کر دے سکیں گے۔خیال رہے کہ پیبل نے اپنی پہلی گھڑی کے لیے کراﺅلڈفنڈنگ کے ذریعے ایک کروڑ ڈالر جع کیے تھے اور کمپنی اب تک تقریباً دس لاکھ گھڑیاں بیچ چکی ہے۔کک سٹارٹ پر اعلان کرنے کے ایک گھنٹے کے اندر ہی پیبل ٹائم کے لیے 11 ہزار لوگوں نے 2 کروڑ ڈالر عطیہ کر دیے۔پیبل کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا ہے کہ ’پیبل کی پہلی گھڑی کے لیے ہمیں 69 ہزار لوگوں نے پیسے دیے اور اس دفعہ بھی ہم لوگوں کی مدد کے بغیر نئی گھڑیاں لانے کا سوچ بھی نہیں سکتے تھے۔ نئی گھڑی پیبل ٹائم کا سافٹ ویئر اور ہارڈ ویئر بالکل نیا ہوگا۔‘نئی گھڑی سابقہ ماڈل سے 20 فیصد پتلی ہوگی اور اس میں سمارٹ ایکسسریز پورٹ بھی ہوگی۔پیبل مئی کے آخر تک عطیہ دینے والے تمام افراد کو نئی گھڑی بھیجوانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ سال کے آخر تک گھڑی عام صارفین کے لیے مارکیٹ میں 199 ڈالر کی قیمت میں دستیاب ہوگی۔کچھ ماہرین کا کہنا ہے کہ سمارٹ گھڑیوں کا سائز اس صنعت کو متاثر کرنے والا ایک عنصر ہے۔گھڑیوں کے ماہر’الیگزینڈر لنز‘ کا کہنا تھا کہ ’ اگرچہ یہ گھڑی مصنوعی ذہانت کی مالک ہے مگر اس کو کم روشنی میں پڑھنے میں کافی دقت ہوگی۔ میں اس کو عینکوں کے بغیر نہیں پڑھ سکتا۔‘الیگزینڈر لنز کا مزید کہنا تھا کہ ’مستقبل میں سمارٹ گھڑیاں نیر فیلڈ کمیونیکیشن (این ایف سی) کے ساتھ آئیں گی جس کی وجہ سے سمارٹ فون کے ساتھ گھڑی کا رابطہ بہتر ہوسکے گا۔ این ایف سی کے بغیر اگر سمارٹ فون کو ہٹادیا جائے تو گھڑیاں بے کار ہوجاتی ہیں۔‘